
کاروار، 31/ مارچ (ایس او نیوز) ضلع ڈپٹی کمشنر لکشمی پریا نے بتایا کہ کہ یکم اپریل سے 15 اپریل تک عوام کے لئے مردم شماری کی کڑی کے طور پر خود ہی گھروں کی فہرست اور خانہ شماری میں حصہ لینے کا موقع رہے گا ۔
ڈی سی نے بتایا کہ مردم شماری کے کرناٹکا ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے عوام کو اپنے طور پر مردم شماری کرنے کی گنجائش فراہم کی ہے ۔ اس لئے ضلع کے تمام عوام https:se.census.gov.in کے ویب سائٹ کے ذریعے خود ہی مردم شماری کی کارروائی انجام دیں ۔ اس کے لئے خاندان کا کوئی بھی فرد اپنے گھر کی تفصیلات داخل کرنے کے ساتھ موبائل / ای میل کے ذریعے مردم شماری کی آئی ڈی حاصل کر سکتا ہے ۔ اس کے بعد مردم شماری کے لئے سرکاری کارندے جب گھر پر پہنچیں گے تو تصدیق اور قطعی طور پر تفصیلات درج کرنے کے لئے اس آئی ڈی کو ان کے ساتھ شیئر کیا جا سکتا ہے ۔
ڈپٹی کمشنر نے ضلع کے عوام سے اپیل کی ہے کہ اپنے طور پر مردم شماری سے متعلقہ ضروری تفصیلات ویب سائٹ پر درج کرتے ہوئے مردم شماری کی اس مہم کو کامیاب بنائیں ۔ انہوں نے مزید یقین دہانی کی ہے کہ عوام کی طرف سے دی جانے والی تمام معلومات کو محفوظ اور مخفی رکھا جائے گا اور ان معلومات کو صرف ملک کی تعمیر و ترقی کے مقاصد کے لئے ہی استعمال کیا جائے گا ۔