دبئی، 11/ جون (ایس او نیوز ) تھمبے گروپ نے طب کے شعبے میں تحقیق اور جدت کے فروغ کی اپنی دیرینہ کوششوں کو مزید آگے بڑھاتے ہوئے عجمان کے علاقے الجرف میں ’’تھُمبے انٹرنیشنل ریسرچ سینٹر‘‘ کی بنیاد رکھ دی ہے۔ یہ چھ منزلہ جدید تحقیقی مرکز طبی سائنس، تشخیص اور کلینیکل خدمات کو ایک ہی چھت تلے یکجا کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔
سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب دبئی کے قریب واقع ڈوسٹ عجمان ریزورٹ اینڈ ولاز میں منعقد ہوئی، جو ولی عہد عجمان اور چیئرمین عجمان ایگزیکٹو کونسل شیخ عمار بن حمید النعیمی کی سرپرستی میں منعقد کی گئی۔ اس موقع پر تقریب کی میزبانی تھمبے گروپ کے بانی و صدر ڈاکٹر محی الدین تھمبے نے کی۔
تقریب میں بتایا گیا کہ یہ مرکز تقریباً 3,000 مربع میٹر پر محیط ہوگا اور اس میں گراؤنڈ فلور کے ساتھ پانچ بالائی منزلیں اور ایک روف ٹاپ شامل ہوگا۔ جدید سہولیات سے آراستہ یہ عمارت 27.75 میٹر بلند ہوگی اور الجرف کے پلاٹ 7150 پر تعمیر کی جا رہی ہے۔ اسے ایک فعال طبی اور تعلیمی ماحول کے اندر قائم کیا جا رہا ہے تاکہ محققین اور طبی ماہرین کے درمیان فوری تعاون ممکن ہو سکے۔
منصوبے کے مطابق اس تحقیقی مرکز کی ہر منزل کو مخصوص شعبہ تحقیق کے لیے مختص کیا گیا ہے۔ پہلی منزل پر اسٹارٹ اپ لیبارٹریز، انکیوبیشن سینٹر اور جدید اے آر/وی آر لیب قائم کی جائے گی، جبکہ دوسری منزل جنرل ویٹ لیبارٹریز کے لیے مختص ہوگی۔ تیسری منزل پر کینسر سے متعلق تجرباتی تحقیق کی جائے گی۔ چوتھی منزل جینومکس، نیکسٹ جنریشن سیکوینسنگ اور بایو انفارمیٹکس کے لیے وقف ہوگی، جبکہ پانچویں منزل پر پری کلینیکل ریسرچ، جانوروں کی لیبارٹری اور زیبرا فش ریسرچ یونٹ قائم کیا جائے گا۔ گراؤنڈ فلور پر 110 نشستوں کا سیمینار ہال اور ایک مشترکہ امیجنگ سہولت بھی موجود ہوگی۔
یہ مرکزگلف میڈیکل یونیورسٹی کے ریسرچ نظام کا مستقل ہیڈکوارٹر ہوگا، جہاں میڈیسن، ڈینٹسٹری، فارمیسی، ہیلتھ سائنسز، نرسنگ، ویٹرنری میڈیسن اور مصنوعی ذہانت برائے صحت کے شعبوں سے وابستہ محققین کام کریں گے۔ اس پورے نظام کی قیادت تھمبے ریسرچ انسٹی ٹیوٹ فار پریسیژن میڈیسن (TRIPM) کرے گا۔
مرکز میں GMU اسٹارٹ اپ لیب، اے آئی ان ہیلتھ کیئر انسٹی ٹیوٹ اور مختلف کلینیکل و جینومکس ٹیموں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا جائے گا تاکہ خطے میں جدید طبی تحقیق کو نئی سمت دی جا سکے۔ ماہرین کے مطابق یہ سہولت تحقیق، تشخیص اور علاج کے درمیان فاصلے کو کم کرے گی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر محی الدین تھمبے نے کہا کہ گزشتہ تین دہائیوں میں ان کا ادارہ ہسپتالوں، صحت کی خدمات اور اعلیٰ معیار کی طبی تعلیم کے فروغ میں سرگرم رہا ہے، اور یہ نیا تحقیقی مرکز اسی سفر کا اگلا مرحلہ ہے۔
جی ایم یو کے چانسلر پروفیسر مندا وینکٹرامانا نے کہا کہ یہ مرکز یونیورسٹی کو بین الاقوامی سطح پر ریسرچ پر مبنی ادارے کے طور پر مضبوط کرے گا، جبکہ تھمبے ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر پروفیسر سالم شعیب نے کہا کہ اس سہولت سے جینومکس، امیونوتھراپی اور بایو میڈیکل تحقیق کے بڑے منصوبوں کو عملی شکل دینے میں مدد ملے گی۔
تقریب میں یہ بھی اعلان کیا گیا کہ تھمبے انٹرنیشنل ریسرچ گرانٹ کے دوسرے مرحلے کے تحت 26 ممالک کے محققین کے 13 منصوبوں کے لیے 3 ملین درہم کی فنڈنگ دی گئی ہے۔ ان منصوبوں میں پریسیژن آنکولوجی، مصنوعی ذہانت، ڈرگ ڈسکوری اور دیگر جدید طبی شعبے شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ہارورڈ میڈیکل اسکول اور دیگر بین الاقوامی اداروں کے ساتھ شراکت داری کا بھی ذکر کیا گیا۔
مزید یہ کہ جی ایم یو نے صنعت، فلاحی خدمات اور سماجی ترقی میں نمایاں کردار پر کے ای فائزل اور محمد میرین کو اعزازی ڈاکٹریٹ کی ڈگریاں بھی عطا کیں۔
یہ مرکز مکمل ہونے کے بعد پی ایچ ڈی ان پریسیژن میڈیسن، ریسرچ پروگرامز، بین الاقوامی تعاون اور مستقبل کے سائنسدانوں کی تربیت جیسے منصوبوں کا مرکزی پلیٹ فارم بنے گا، جبکہ یہ پورے خطے میں طبی تحقیق کے ایک بڑے مرکز کے طور پر ابھرنے کی توقع ہے۔