دبئی /عجمان، 15 اپریل (ایس او نیوز) تھمبے یونیورسٹی ہاسپٹل نے بدھ کے روز "تھمبے انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز" کا افتتاح کیا، جس کے بعد یہ اسپتال دماغ، ریڑھ کی ہڈی اور اعصابی نظام سے متعلق پیچیدہ بیماریوں کی تشخیص، علاج اور نگہداشت کے لیے ایک خصوصی مرکز بن گیا ہے۔
اس ادارے کا افتتاح تھمبے گروپ کے بانی و صدر ڈاکٹر تھمبے محی الدین نے کیا، جبکہ اس موقع پر ادارے کے اعلیٰ عہدیداران اور نیٹ ورک سے وابستہ معزز شخصیات موجود تھیں۔ معروف نیورو سرجن اور عرب اسپائن کورس ڈپلومہ و دبئی انٹرنیشنل اسپائن کانفرنس (DISC) کے چیئرمین ڈاکٹر عبد الکریم مسعدی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
اس ادارے کے قیام سے ہاسپٹل کی خصوصی طبی خدمات میں اضافہ ہوگا اور نیورو سائنسز کے میدان میں اس کی صلاحیتوں کو مزید تقویت ملے گی، جس سے اسے خطے کے اہم اکیڈمک میڈیکل سینٹرز میں شامل ہونے میں مدد ملے گی۔
تھمبے گروپ کے ہیلتھ کیئر ڈویژن کے نائب صدر اکبر موئدین تھمبے کے مطابق اعصابی بیماریوں کے علاج کے لیے درستگی، تیز رفتاری اور ماہرین کی مشترکہ خدمات ناگزیر ہوتی ہیں، اور اس ادارے کے ذریعے یہ تمام سہولیات جدید ٹیکنالوجی اور مریض دوست نظام کے تحت ایک ہی چھت کے نیچے فراہم کی جائیں گی۔

انسٹی ٹیوٹ میں نیورو سرجنز، نیورولوجسٹس، انٹروینشنل ریڈیولوجسٹس، نیورو ٹیکنیشنز اور ری ہیبیلیٹیشن ماہرین پر مشتمل ایک کثیر شعبہ جاتی ٹیم خدمات انجام دے گی۔ یہاں فالج، مرگی، پارکنسن، ملٹی پل اسکلروسیس، الزائمر، مائیگرین، نیوروپیتھی، چکر آنا اور نیند کی خرابیوں جیسے امراض کا علاج کیا جائے گا۔ تشخیصی سہولیات میں EEG، EMG، نرو کنڈکشن اسٹڈیز اور جدید نیورو امیجنگ شامل ہیں۔
سرجری کے شعبے میں دماغ، ریڑھ کی ہڈی اور اعصاب سے متعلق پیچیدہ امراض کا علاج مائیکرو سرجری اور کم سے کم چیرا لگانے والی جدید تکنیکوں کے ذریعے کیا جائے گا۔ ان میں برین ٹیومر، خون کی نالیوں کی خرابی، دماغی چوٹ، ریڑھ کی ہڈی کے مسائل اور بچوں کے اعصابی امراض شامل ہیں۔ کرینیو پلاسٹی، ہائیڈروسیفالس کے علاج اور جدید اسپائن فکسیشن جیسے آپریشنز نیورو نیویگیشن اور انٹرا آپریٹو نیورو مانیٹرنگ کی مدد سے انجام دیے جائیں گے۔
ادارے کی ایک نمایاں خصوصیت ٹیکنالوجی پر مبنی نیورو ری ہیبیلیٹیشن خدمات ہیں، جن میں روبوٹک ری ہیبیلیٹیشن، ٹرانس کرینیئل میگنیٹک اسٹیمولیشن (TMS)، ہائپر بارک آکسیجن تھراپی اور ایکسو اسکیلیٹن کے ذریعے بحالی علاج شامل ہے۔ ان سہولیات کا مقصد مریضوں کی نقل و حرکت، خودمختاری اور معیارِ زندگی کو بہتر بنانا ہے۔
ہاسپٹل انتظامیہ کے مطابق یہ ادارہ ایک منظم علاجی نظام کے تحت کام کرے گا، جہاں غیر جراحی امراض کا علاج نیورولوجسٹس کریں گے جبکہ ضرورت پڑنے پر نیورو سرجنز مداخلت کریں گے، تاکہ مریضوں کو بروقت اور مؤثر علاج فراہم کیا جا سکے۔