بھٹکل، 9 اپریل (ایس او نیوز): حج بیت اللہ کے مقدس سفر پر روانہ ہونے والے عازمینِ حج کے لیے امسال بھی ایک اہم تربیتی کیمپ کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
اس سلسلے میں شعبۂ تبلیغ جماعت المسلمین بھٹکل کی جانب سے 11 اپریل 2026 بروز سنیچر، نمازِ عصر کے بعد ٹھیک 4:45 بجے محکمۂ شرعیہ جماعت المسلمین کی عمارت میں مردوں اور خواتین دونوں کے لیے ایک خصوصی تربیتی نشست منعقد کی جائے گی۔
جماعت المسلمین بھٹکل کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ حج اسلام کے بنیادی ارکان میں سے ایک اور عظیم شعائر میں شامل ہے، اس لیے اس مبارک سفر پر روانگی سے قبل اس کے احکام و مسائل اور دیگر ضروری تفصیلات سے واقفیت حاصل کرنا نہایت ضروری ہے۔
اسی مقصد کے تحت اس تربیتی کیمپ کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ پریس ریلیز میں عازمینِ حج سے گزارش کی گئی ہے کہ وہ مقررہ وقت پر شرکت کر کے پروگرام سے مستفید ہوں اور علمائے کرام کی فراہم کردہ رہنمائی سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔