شیموگہ، 13 اکتوبر (ایس او نیوز): کرناٹک کے شہر شیموگہ میں پیر کے روز یوتھ کانگریس اور نیشنل اسٹوڈنٹس یونین آف انڈیا (این ایس یو آئی) کے کارکنوں نے مرکزی وزیر مملکت برائے ریلوے و جل شکتی وی سومنا کی گاڑی روکنے کی کوشش کرتے ہوئے انہیں سیاہ پرچم دکھائے۔ مظاہرین نے ووٹر لسٹوں کی خصوصی گہری نظرثانی (ایس آئی آر) کے عمل میں مبینہ بے ضابطگیوں کے خلاف احتجاج کیا اور چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے استعفے کا مطالبہ کیا۔
پی ٹی آئی کی رپورٹ کے مطابق، سومنا پیر کو شیوموگہ کے دورے پر تھے اور شہر کے بی ایچ روڈ پر اشوک سرکل کے قریب ایک مال کے پاس سے گزر رہے تھے۔ وہ ایک نجی پروگرام میں شرکت اور کپڑوں کے شوروم کا افتتاح کرنے جا رہے تھے۔ اسی دوران یوتھ کانگریس اور این ایس یو آئی کے کارکنوں نے ان کی گاڑی کو گھیر لیا اور سیاہ پرچم دکھاتے ہوئے مرکزی حکومت کے خلاف نعرے لگائے۔
پولیس نے موقع پر مداخلت کرتے ہوئے مظاہرین کو حراست میں لے لیا۔ اس واقعے کے بعد احتجاج میں شامل یوتھ کانگریس کارکنوں کے خلاف شیوموگہ کے ڈوڈاپیٹے پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کیے جانے کی اطلاع ہے۔
کنڑا نیوز ویب سائٹوں اُدیے ساکشی اور ملیناڈو ٹوڈے کے مطابق، پولیس نے کپڑوں کے شوروم کے منیجر کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا ہے۔ پولیس کی جانب سے یہ کارروائی اس بنیاد پر کی گئی کہ وزیر کے دورے اور افتتاحی تقریب کے سلسلے میں مبینہ طور پر مقامی پولیس کو پیشگی اطلاع نہیں دی گئی تھی۔
یہ احتجاج ایسے وقت میں ہوا ہے جب کرناٹک سمیت ملک کے مختلف حصوں میں ایس آئی آر کے عمل اور انتخابی فہرستوں میں مبینہ بے ضابطگیوں کو لے کر سیاسی احتجاج جاری ہے۔