ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / تنخواہوں میں اضافے کا مطالبہ، نوئیڈا تا فرید آباد کشیدگی، ملازمین کا ہنگامہ، پولیس پر حملے اور گاڑیوں کو لگا دی گئی آگ

تنخواہوں میں اضافے کا مطالبہ، نوئیڈا تا فرید آباد کشیدگی، ملازمین کا ہنگامہ، پولیس پر حملے اور گاڑیوں کو لگا دی گئی آگ

Mon, 13 Apr 2026 18:10:36    S O News

نوئیڈا ، 13/ اپریل (ایس او نیوز /ایجنسی) قومی راجدھانی سے ملحق اترپردیش کے نوئیڈا کے مختلف علاقوں میں پیر کے روز کئی کمپنیوں کے ملازمین تنخواہوں میں اضافے کا مطالبہ کرتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے۔ گزشتہ 3-4 دنوں سے جاری یہ احتجاجی مظاہرے پیر کو اس وقت شدت اختیار کر گئے جب مشتعل ملازمین نے کئی اہم سڑکیں بلاک کر دیں اور ٹریفک بندوبست کو ٹھپ کردیا۔ فیز 2 میں جاری احتجاج پرتشدد شکل اختیار کر گیا۔ پیر کے روز یہاں مظاہرین نے گاڑیوں کو آگ لگا دی اور پولیس پر پتھراؤ کیا۔ پولیس نے مشتعل ہجوم پر قابو پانے کے لیے آنسو گیس کا استعمال کیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ 3-4 دنوں سے ملازمین اپنے مطالبات منوانے کے لیے سڑکوں پر اتر رہے ہیں۔ ملازمین کے اہم مطالبات میں تنخواہ 13ہزار روپے سے بڑھاکر 20ہزار روپے کرنا، اوور ٹائم کی ادائیگی اور چھٹیوں کا انتظام شامل ہے۔ آج مظاہرین نے سڑکیں بلاک کر دیں اور کئی مقامات پر گاڑیوں کے آگے لیٹ کر ٹریفک روک دیا۔ ملازمین کلسیرہ سے فیز 2 تک مارچ کرتے ہوئے ایک جگہ اکٹھے ہوئے۔ پولیس فورس جائے وقوعہ پر تعینات ہے اور صورتحال پر قابو پانے کی کوشش کررہی ہے۔ دریں اثنا سیکٹر 60 میں ملازمین نے نعرے لگاتے ہوئے سڑک بلاک کر دی اور جم کر ہنگامہ اور مظاہرہ کیا۔

اس احتجاج کی وجہ سے نوئیڈا کے کئی علاقوں میں ٹریفک بری طرح متاثر ہوا ہے۔ اس وجہ سے ہفتے کے پہلے کام کے دن لوگوں کو خاصی تکلیف کا سامنا ہے اور بہت سے لوگ وقت پر اپنی منزلوں تک نہیں پہنچ پا رہے ہیں۔ دفتر جانے والوں کو خاص طور پر مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ اسی کے ساتھ فرید آباد کے سیکٹر 37 سرائے خواجہ علاقے میں ایک پرائیویٹ کمپنی کے 500 سے زائد ملازمین کمپنی کے باہر احتجاج کر رہے ہیں۔ تنخواہوں میں اضافے کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاج کر رہے ہیں۔ پولیس موقع پر پہنچ گئی ہے۔ اسی طرح پلول میں بھی سائی آٹو کمپنی کے ملازمین نے پرتھلا کے قریب آگرہ ہائی وے کو بلاک کر دیا۔


Share: