ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے صدر و جنرل سکریٹری کا بھٹکل دورہ؛ عمائدین قوم کے ساتھ نشست

آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے صدر و جنرل سکریٹری کا بھٹکل دورہ؛ عمائدین قوم کے ساتھ نشست

Tue, 11 Aug 2026 18:52:40    S O News
آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے صدر و جنرل سکریٹری کا بھٹکل دورہ؛ عمائدین قوم کے ساتھ نشست

بھٹکل 11/اگست (ایس او نیوز)  آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے صدر مولانا خالد سیف اللہ رحمانی اور جنرل سکریٹری مولانا فضل الرحیم مجددی کے بھٹکل دورے کے موقع پر عمائدین قوم، گلف جماعتوں کے ذمہ داران اور پڑوسی علاقوں کی مختلف جماعتوں کے ذمہ داران کے ساتھ ایک خصوصی نشست کا انعقاد کیا گیا۔

نشست میں مولانا فضل الرحیم مجددی نے آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے قیام کے بنیادی مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ بورڈ کی بنیادی ترجیحات میں تحفظِ شریعت، تفہیمِ شریعت اور تنفیذِ شریعت شامل ہیں۔ انہوں نے وضاحت کی کہ تحفظِ شریعت کے ساتھ ساتھ شریعت کے احکام اور اس کی تعلیمات کو عام کرنا اور معاشرے میں ان کی صحیح تفہیم پیدا کرنا بھی انتہائی ضروری ہے۔

مولانا مجددی نے کہا کہ خصوصاً نئی نسل اور خواتین سمیت پورے معاشرے کو شریعت کے احکام، ان کی حکمت اور اسلامی عائلی نظام کی اہمیت سے آگاہ کرنے کی ضرورت ہے۔ اسی طرح تنفیذِ شریعت کا مقصد یہ ہے کہ مسلمان اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی میں شریعت کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوں اور اسلامی احکام کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنائیں۔

aimplb-bhatkal-2.jpg

انہوں نے آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی جانب سے مختلف شعبوں میں انجام دی جانے والی سرگرمیوں اور کوششوں کا بھی جائزہ پیش کیا اور پروگرام میں شریک مختلف جماعتوں اور اداروں کے ذمہ داران پر زور دیا کہ وہ بورڈ کے مقاصد کو آگے بڑھانے اور معاشرے میں شریعت سے متعلق صحیح شعور پیدا کرنے کے لیے اپنا بھرپور تعاون پیش کریں۔

اس موقع پر آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے صدر مولانا خالد سیف اللہ رحمانی نے نشست کی صدارت کی۔ بورڈ میں شامل بھٹکل کے ذمہ داران مولانا الیاس جاکٹی ندوی، مولوی عبدالعلیم قاسمی، مولانا مقبول کوبٹے ندوی اور عتیق الرحمن منیری بھی موجود تھے۔


Share: