
بنٹوال یکم / نومبر (ایس او نیوز) مناپو کے مقام پر ایک کھڑی موٹر سائیکل کو پیچھے سے کار نے ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں شدید زخمی ہونے والا 55 سالہ شخص منگلورو کے ایک ہسپتال میں علاج کے دوران دم توڑ دیا۔
فوت ہونے والے شخص شناخت گوپال کے طور پر ہوئی ہے، جو ناوور گاؤں کے علاقے کناپاڈے کا رہائشی تھا ۔
معلوم ہوا ہے کہ گوپال، زکریا نامی شخص کی موٹر سائیکل پر پیچھے بیٹھا ہوا تھا ۔ دونوں گنجی مٹھ میں واقع سرخ پتھر کی کان پر اپنا کام مکمل کرنے کے بعد بی سی روڈ اور بیلتنگڈی روڈ کے راستے اپنے گھر کناپاڈے واپس جا رہے تھے ۔
جب وہ رات کے وقت مناپو پہنچے تو وہاں پہلے سے پیش آئے ایک اور حادثے کی وجہ سے ٹریفک رک گئی تھی اور سڑک بند تھی ۔ سڑک بند ہونے کی وجہ سے زکریا نے موٹر سائیکل روک دی ۔ اسی دوران پیچھے سے آنے والی ایک کار نے کھڑی موٹر سائیکل کو زوردار ٹکر ماری، جس کے نتیجے میں دونوں سوار سڑک پر جا گرے ۔
اس ٹکر سے گوپال کے سر، سینے، ہاتھوں، ٹانگوں اور ناک پر شدید چوٹیں آئیں، جبکہ زکریا کے چہرے اور کمر پر زخم آئے ۔
مقامی رہائشیوں نے زخمیوں کو فوری طور پر بنٹوال سرکاری ہسپتال پہنچایا، جہاں انہیں ابتدائی طبی امداد دی گئی ۔ پھر مزید طبی علاج کے لیے انہیں منگلورو کے ایک نجی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔
گوپال کو تشویشناک حالت کی وجہ سے انتہائی نگہداشت یونٹ (ICU) میں داخل کیا گیا ۔ لیکن علاج کی کوششوں کے باوجود وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا ۔
کار ڈرائیور آفرید کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے ۔