بنگلورو ، 14/ نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی) کرناٹک کے وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے وزیر اعظم نریندر مودی سے اپیل کی ہے کہ میٹرو ریل منصوبوں کے نفاذ میں مرکز اور ریاست کے درمیان مالی ذمہ داری کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنایا جائے اور بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کی منظوری میں ہونے والی تاخیر کو ختم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے آئندہ برسوں میں بنگلورو کے میٹرو نیٹ ورک کو 500 کلومیٹر تک وسعت دینے کے ریاستی حکومت کے عزائم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہر کی بڑھتی ہوئی سفری ضروریات اور ٹریفک کے مسائل سے نمٹنے کے لیے میٹرو رابطوں کو وسیع کرنا ناگزیر ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی کی موجودگی میں انڈین انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ بنگلورو (آئی آئی ایم بی) میں میٹرو کی پنک لائن کے افتتاحی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پنک لائن کا افتتاح بنگلورو کے عوامی ٹرانسپورٹ نظام کی ترقی میں ایک اہم سنگ میل ہے۔ اس کے ساتھ ہی نما میٹرو کا مجموعی نیٹ ورک 100 کلومیٹر سے تجاوز کرگیا ہے۔ اس موقع پر گورنر سدھا یادو، وزیر برائے بنگلورو ترقیات کرشنا بائرے گوڈا اور بنگلورو ساؤتھ کے رکن پارلیمنٹ تیجسوی سوریہ بھی موجود تھے۔
کرناٹک کی صنعتی، سائنسی اور تکنیکی ترقی کا ذکر کرتے ہوئے ڈی کے شیوکمار نے کہا کہ ریاست نے ملک کی ترقی میں کئی تاریخی اور نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔ انہوں نے یاد دلایا کہ 1902 میں کولار گولڈ فیلڈز کو بجلی فراہم کرنے کے لیے شیوَن سمندر میں ایشیا کی پہلی بجلی پیدا کی گئی تھی۔ بنگلورو ملک کا پہلا برقی نظام سے آراستہ شہر بنا، جبکہ ہندوستان ایروناٹکس لمیٹڈ (ایچ اے ایل) کے ذریعے ملک کا پہلا طیارہ سازی کا کارخانہ بھی کرناٹک میں قائم ہوا۔
انہوں نے کہا کہ صنعتی پالیسی اور اسٹارٹ اَپ پالیسی متعارف کرانے میں بھی کرناٹک کو ملک میں اولیت حاصل رہی ہے۔ ٹیکساس انسٹرومنٹس کا ہندوستان میں پہلا عالمی تحقیق و ترقی مرکز بنگلورو میں قائم ہوا، جبکہ ملک کا پہلا آئی فون اسمبلنگ یونٹ بھی اسی شہر میں شروع کیا گیا۔
وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ بنگلورو دنیا میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) اور مشین لرننگ کے ماہرین کا دوسرا سب سے بڑا مرکز ہے، جبکہ بیجنگ کے بعد ایشیا کا دوسرا بڑا اے آئی ٹیکنالوجی کلسٹر بھی یہاں موجود ہے۔ ملک کا سب سے بڑا چِپ ڈیزائننگ ایکو سسٹم بھی بنگلورو میں قائم ہے۔ کرناٹک میں ہر سال ڈیڑھ لاکھ سے زائد انجینئر فارغ التحصیل ہوتے ہیں، جبکہ ریاست کے صنعتی شعبے میں خواتین کی شمولیت 37 فیصد ہے، جو قومی اوسط 18 فیصد سے کہیں زیادہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجموعی برآمدات اور باصلاحیت افرادی قوت کے خالص تبادلے کے معاملے میں کرناٹک ملک میں پہلے مقام پر ہے، جبکہ گزشتہ پانچ برسوں کے مجموعی جی ایس ٹی محاصل اور براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) کے معاملے میں ریاست دوسرے مقام پر ہے۔
بنگلورو کے بنیادی ڈھانچے کی ضروریات پر اظہار خیال کرتے ہوئے ڈی کے شیوکمار نے کہا کہ شہر کو ٹریفک کی شدید بھیڑ سے نجات دلانے کے لیے تیار کردہ جامع حکمت عملی میں میٹرو رابطہ بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ تاہم، میٹرو منصوبوں میں مرکز اور ریاست کے درمیان 50:50 کی شراکت داری کا اصول عملاً ریاستی حکومتوں پر زیادہ مالی بوجھ عائد کررہا ہے۔
انہوں نے وضاحت کی کہ بنگلورو میٹرو منصوبے میں زمین کے حصول، یوٹیلیٹی خدمات کی منتقلی، مرکزی ٹیکسوں کے 50 فیصد اور ریاستی ٹیکسوں کے 100 فیصد حصے کے علاوہ غیر ملکی قرضوں کی مکمل واپسی اور بیشتر اضافی اخراجات کی ذمہ داری بھی کرناٹک حکومت برداشت کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میٹرو کے فوائد تمام شہریوں کو حاصل ہوتی ہیں، اس لیے اس کے مالی اخراجات کی ذمہ داری بھی منصفانہ طور پر تقسیم ہونی چاہیے۔ موجودہ مالیاتی نظام پر نظرثانی کرتے ہوئے مرکز اور ریاست کے درمیان حقیقی اور متوازن شراکت داری قائم کرنے کی ضرورت ہے۔
وزیر اعلیٰ نے میٹرو منصوبوں کی منظوری کے لیے مقررہ مدت طے کرنے، منصوبہ بندی اور تعمیراتی کاموں میں تاخیر دور کرنے اور پی آر اے جی اے ٹی آئی (PRAGATI) نظام کے تحت باقاعدہ جائزہ لینے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کو بھی اس معاملے میں براہِ راست مداخلت کرتے ہوئے منظوریوں اور تعمیراتی مراحل میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنا چاہیے۔
انہوں نے تجویز پیش کی کہ میٹرو منصوبوں کی لاگت کا تعین ہر شہر کے حقیقی حالات اور ضروریات کے مطابق کیا جائے، نہ کہ پورے ملک کے لیے یکساں اوسط اخراجات کی بنیاد پر۔ ان کے مطابق، تفصیلی منصوبہ جاتی رپورٹیں (ڈی پی آر) مرکزی منظوری حاصل ہونے تک اکثر دو سے تین سال پرانی ہوجاتی ہیں، جس کے نتیجے میں تعمیراتی اخراجات میں اضافہ ہوتا ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ منظوری میں تاخیر کے باعث پیدا ہونے والے اضافی اخراجات مرکز اور ریاست کے درمیان منصفانہ طور پر تقسیم کیے جائیں۔ اسی طرح میٹرو کے عملیاتی مرحلے میں ہونے والے نقد مالی خسارے اور بیرونی قرضوں سے وابستہ شرحِ مبادلہ کے خطرات میں بھی دونوں حکومتوں کو حصہ دار ہونا چاہیے۔ اس سلسلے میں انہوں نے دہلی میٹرو کے مالیاتی انتظامات کو ایک مثال کے طور پر پیش کیا۔
ڈی کے شیوکمار نے قومی مالیاتی اداروں کے ذریعے ہندوستانی روپے میں طویل مدتی اور کم شرحِ سود پر قرض فراہم کرنے کا نظام قائم کرنے کی بھی تجویز پیش کی۔ اس کے علاوہ انہوں نے ملک بھر کے میٹرو منصوبوں کے لیے ایک واحد قومی تکنیکی ادارہ قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا، جو منظور شدہ ٹیکنالوجیز اور نظاموں کی فہرست تیار کرے۔ اس سے منصوبوں کی منظوری میں تیزی آئے گی، مقامی ٹیکنالوجی کو فروغ ملے گا اور مسافروں کی حفاظت کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔
وزیر اعلیٰ نے اعلان کیا کہ کرناٹک حکومت آئندہ برسوں میں بنگلورو کے میٹرو نیٹ ورک کو 500 کلومیٹر تک وسعت دینے کا ہدف رکھتی ہے۔ سابق صدر جمہوریہ ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام کے قول ’’خواب دیکھو، خواب دیکھو، خواب دیکھو‘‘ کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس خواب کو حقیقت میں بدلنے کے لیے بہتر منصوبہ بندی اور بروقت فیصلے ضروری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک بہتر میٹرو نیٹ ورک کا مطلب ہے کہ شہریوں کو ٹریفک میں کم وقت گزارنا پڑے گا اور وہ اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ زیادہ وقت گزار سکیں گے۔
وزیر اعلیٰ نے ریاست سے متعلق تین اہم مسائل وزیر اعظم کے سامنے پیش کرتے ہوئے کرناٹک کے لیے خشک سالی امداد جلد منظور اور جاری کرنے کی اپیل کی۔
انہوں نے کہا کہ کرناٹک گزشتہ 70 برسوں میں دوسری سب سے کم بارش کا سامنا کررہا ہے اور ریاست کے بیشتر علاقے شدید خشک سالی کی زد میں ہیں۔ ریاست کے 240 تعلقہ جات میں سے 226 کو خشک سالی سے متاثرہ قرار دیا گیا ہے، جبکہ تقریباً 58 لاکھ ہیکٹر اراضی پر کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچا ہے۔ اس کے نتیجے میں مجموعی مالی نقصان کا تخمینہ 62,482 کروڑ روپے لگایا گیا ہے۔
ڈی کے شیوکمار نے بتایا کہ ریاستی حکومت نے قومی آفات سے نمٹنے کے فنڈ (این ڈی آر ایف) کے تحت 22,400.58 کروڑ روپے کی امداد طلب کی ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم سے اپیل کی کہ متاثرہ کسانوں کو راحت پہنچانے کے لیے اس امدادی رقم کی منظوری اور اجرائی میں تیزی لائی جائے۔
وزیر اعلیٰ نے کرناٹک کے گنے کے کاشت کاروں کو درپیش مسائل کی جانب بھی وزیر اعظم کی توجہ مبذول کرائی۔ انہوں نے کہا کہ سال 2026-27 کے لیے گنے کی مناسب اور منافع بخش قیمت (ایف آر پی) فی ٹن 3,650 روپے مقرر کی گئی ہے، جبکہ کسان فی ٹن 5,500 روپے قیمت کا مطالبہ کررہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ چینی کی کم از کم قیمت 2019 سے فی کلو 31 روپے پر برقرار ہے، جس پر نظرثانی کی ضرورت ہے۔ اس کے علاوہ ایتھنول کی تقسیم میں کرناٹک کو اس کا منصفانہ حصہ فراہم کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔
اپنے خطاب کے اختتام پر ڈی کے شیوکمار نے مرکز اور ریاست کے درمیان باہمی تعاون اور بہتر تال میل کو ملک کی ترقی کے لیے ناگزیر قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ کرناٹک اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے اور مرکزی حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہے۔ بسونا کے فلسفے ’’کائکَوے کیلاسا‘‘ (محنت ہی عبادت ہے) اور بھگود گیتا کے پیغامِ فرض شناسی کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنک لائن کا افتتاح ہزاروں انجینئروں، مزدوروں اور افسران کی محنت اور لگن کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے معروف شاعر کویَمپو کے تصورِ ’’وشوا مانَو‘‘ (عالمی انسانیت) کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حکومتوں کو محدود سوچ اور تنگ نظری سے بالاتر ہوکر تمام انسانوں کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ میٹرو لائن دو مقامات کو جوڑتی ہے، لیکن باہمی تعاون حکومتوں اور عوام کو ایک دوسرے سے مربوط کرتا ہے۔ جب مرکز اور ریاستیں مل کر آگے بڑھتی ہیں تو ملک بھی ترقی کی راہ پر گامزن ہوتا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عوام کا دیا ہوا مینڈیٹ سیاسی جماعتوں کو حکومت چلانے کی ذمہ داری سونپتا ہے، لیکن اس ذمہ داری کا اصل مقصد عوام کی خدمت اور ملک کے ہر شہری کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانا ہونا چاہیے۔