بنگلورو، 30/ اپریل (ایس او نیوز /ایجنسی) بنگلورو سٹی پولیس نے ملک میں پہلی مرتبہ 112 ایمرجنسی ریسپانس سسٹم (ای آر ایس ایس) کو کثیر لسانی ٹیکنالوجی کے ساتھ متعارف کراتے ہوئے ایک اہم سنگ میل قائم کیا ہے۔ اس جدید نظام کا افتتاح وزیر داخلہ ڈاکٹر جی پرمیشور اور ریاستی پولیس سربراہ ڈاکٹر ایم اے سلیم کے ہاتھوں آج پولیس کمشنر دفتر میں عمل میں آیا۔
اس نئی سہولت کے تحت اگر کوئی شہری 112 پر کال کرتا ہے اور زبان کی رکاوٹ درپیش ہو تو کال خودکار طور پر کال کرنے والے کی پسندیدہ زبان میں ترجمہ ہو جائے گی۔ اس مقصد کے لیے مصنوعی ذہانت کی مدد سے دس زبانوں کو فعال بنایا گیا ہے۔
اب تک 112 ایمرجنسی خدمات زیادہ تر متعلقہ ریاست کی زبان تک محدود تھیں، مگر بنگلورو پولیس نے پہلی بار اس دائرہ کار کو وسیع کرتے ہوئے کنڑ سمیت مختلف ریاستوں کی سات زبانوں اور تین غیر ملکی زبانوں میں بھی خدمات فراہم کرنے کا انتظام کیا ہے۔ اس کے ذریعے شہری اپنی سہولت کی زبان میں ایمرجنسی خدمات حاصل کر سکیں گے۔
پولیس کے مطابق بنگالی، گجراتی، اڑیہ، منی پوری، کشمیری، نیپالی اور آسامیہ زبانوں میں بھی فوری مدد فراہم کی جائے گی۔ اسی طرح غیر ملکی شہریوں کی سہولت کے لیے ہسپانوی، فرانسیسی اور عربی زبانوں کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
حکام نے بتایا کہ بنگلورو ایک عالمی شہر ہے جہاں مختلف ریاستوں اور ممالک سے لوگ آتے ہیں۔ اسی پیش نظر شہر میں آنے والے غیر ملکیوں کی زبانوں کے بارے میں ڈیٹا جمع کیا گیا، جس سے معلوم ہوا کہ ہسپانوی، فرانسیسی اور عربی بولنے والے افراد کی تعداد زیادہ ہے، لہٰذا ان زبانوں کو بھی اس نظام میں شامل کیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ یہ کثیر لسانی نظام نہ صرف مقامی شہریوں بلکہ بیرونِ ملک سے آنے والے افراد کے لیے بھی انتہائی مفید ثابت ہوگا اور ہنگامی خدمات کو مزید مؤثر، تیز اور عوام دوست بنائے گا۔
اس موقع پر ریاستی پولیس کے سربراہ ڈاکٹر ایم اے سلیم، کے علاوہ اعلیٰ حکام اور بنگلورو سٹی پولیس کے سینئر افسران موجود تھے، جنہوں نے اس اقدام کو جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کی بہترین مثال قرار دیا۔