
بھٹکل ،3 / نومبر (ایس او نیوز) اسارکیری بھونیشوری کنڑا سنگھا کی جانب سے منعقدہ راجیہ اتسوا پروگرام میں ایک عرصے سے بے لوث سماجی خدمات انجام دے رہے معروف سوشیل ورکر منجو نائک مٹھلّی کو اعزاز اور تہنیت سےنوازا گیا ۔
سیکڑوں لاوارث لاشوں کی شناخت اور ان کی آخری رسومات کے سلسلے میں منجو نائک برسہا برس سرگرم ہیں ۔ اس کے علاوہ ایک خاص بات یہ بھی دیکھی گئی ہے کہ حادثات سے متاثرہ اور مصیبت زدہ افراد کی مدد کے لئے منجو نائک کسی بھی وقت موجود رہتے ہیں ۔ ان کی انسانیت نوازی اور اخلاص نوجوان سوشیل ورکرز کے لئے ایک بہترین مثال ہے ۔
اس تہنیتی پروگرام کے موقع پر بھونیشوری کنڑا سنگھا کےصدر انّپّا ایس نائک، نچھلمکّی تروملا وینکٹرمنا مندر کے صدر ناگیندرا نائک سمیت متعدد معززین موجود تھے ۔