نئی دہلی ، 17/ نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی)دہلی کے وویک وہار میں آج ایک مکان کی چھت اچانک منہدم ہو گئی۔ ملبے میں دبے ایک ہی خاندان کے 6 لوگوں میں سے 2 کی موت ہو گئی۔ مرنے والوں میں 3 سال کی ایک معصوم بچی بھی ہے۔ افسران کے مطابق ملبے میں 6 لوگوں کے پھنسے ہونے کی اطلاع ملی تھی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اہلکار فوراً موقع پر پہنچے اور بچاؤ مہم شروع کی۔ کیٹ ایمبولنس کی مدد سے ملبے میں پھنسے تمام 6 لوگوں کو باہر نکالا گیا اور علاج کے لیے ہیڈگیوار اسپتال بھیجا گیا۔
ڈاکٹروں نے 3 سالہ بچی اور 30 سالہ پنٹو کو مردہ قرار دے دیا۔ زخمیوں کی شناخت لڈو عرف دیوانش (27)، وکیش (35)، آکاش (25) اور دلیپ عرف ڈمپا (22) کے طور پر ہوئی۔ سب کا اسپتال میں علاج چل رہا ہے۔ افسران نے بتایا کہ مرنے والے اور زخمی تمام لوگ کرایے دار تھے اور جس عمارت میں وہ رہ رہے تھے اس کے مالک سریندر سنگھ ہیں۔ پولیس نے کہا ہے کہ معاملے کی تحقیقات کی جا رہی ہے اور ضروری قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق صبح تقریباً 10:00 بجے انہوں نے بہت تیز آواز سنی۔ جب جا کر دیکھا تو فیز-2 کا ایک مکان منہدم ہو گیا ہے۔ چاروں طرف دھول کا غبار تھا۔ جائے وقوع پر چیخ و پکار مچ گئی۔ آس پاس کے کافی لوگ وہاں اکٹھے ہو گئے۔ انہیں میں سے کسی ایک نے پولیس کو کال کیا تو کسی نے فائر ڈپارٹمنٹ کو کال کیا۔ اس درمیان مقامی لوگوں نے مدد آنے کا انتظار نہیں کیا بلکہ خود ہی ملبہ ہٹانا شروع کر دیا۔ حادثہ زدہ عمارت کا اوپری حصہ پوری طرح منہدم ہو گیا۔ یہ کیسے ہوا اور اس کی کیا وجہ تھی اس کے متعلق تفصیلی معلومات ابھی سامنے نہیں آئی ہے۔
دوسری جانب دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے اس حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’دہلی کے شاہدرہ واقع جوالا نگر میں عمارت منہدم ہونے کے افسوسناک واقعے میں جانی نقصان انتہائی تکلیف دہ ہے۔ اس حادثے میں اپنے عزیزوں کو کھونے والے خاندانوں کے تئیں میری گہری تعزیت ہے۔ ایشور مرنے والوں کو اپنے چرنوں میں جگہ دے اور غمزدہ اہل خانہ کو اس ناقابل برداشت صدمے کو برداشت کرنے کی طاقت دے۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ ’’میں زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا گو ہوں۔ متعلقہ افسران کو زخمیوں کے مناسب علاج اور متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی ہدایت دی ہے۔ میں خود پوری صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہی ہوں۔ غم کی اس گھڑی میں دہلی حکومت سوگوار خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔‘‘