ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / گلف میڈیکل یونیورسٹی کا بڑا کارنامہ، کالج آف فارمیسی کیو ایس رینکنگ 2026 میں شامل

گلف میڈیکل یونیورسٹی کا بڑا کارنامہ، کالج آف فارمیسی کیو ایس رینکنگ 2026 میں شامل

Sat, 04 Apr 2026 18:21:36    S O News
گلف میڈیکل یونیورسٹی کا بڑا کارنامہ، کالج آف فارمیسی کیو ایس رینکنگ 2026 میں شامل

دبئی، 4/   اپریل  (ایس او نیوز ) گلف میڈیکل یونیورسٹی نے ایک اہم عالمی کامیابی حاصل کرتے ہوئے اپنی کالج آف فارمیسی کو  ورلڈ یونیورسٹی کیو ایس  رینکیگ برائے سبجیکٹ 2026 میں فارمیسی اینڈ فارماکولوجی کے شعبہ میں شامل کرا لیا ہے، جہاں یونیورسٹی کو عالمی سطح پر 351–400 کی درجہ بندی میں جگہ ملی ہے۔

یہ اعزاز یونیورسٹی کی بڑھتی ہوئی عالمی شناخت اور تعلیمی معیار کی عکاسی کرتا ہے، جس کے نتیجے میں یہ ادارہ فارماسیوٹیکل تعلیم اور تحقیق کے میدان میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے منتخب اداروں میں شامل ہو گیا ہے۔ خاص بات یہ ہے کہ متحدہ عرب امارات میں انڈرگریجویٹ فارمیسی پروگرام پیش کرنے والی 10 یونیورسٹیوں میں سے صرف 5 ادارے ہی اس فہرست میں شامل ہو سکے ہیں، جبکہ عرب دنیا کی محض 32 یونیورسٹیاں اس شعبہ میں عالمی سطح پر تسلیم کی گئی ہیں۔

یہ درجہ بندی یونیورسٹی کی جانب سے تعلیمی معیار، تحقیقاتی اثر، اور انڈسٹری سے ہم آہنگ نصاب پر مسلسل توجہ کا نتیجہ ہے، جو تعلیم، صحت اور تحقیق کے ایک مربوط نظام کا حصہ ہے۔ اس کامیابی میں اساتذہ، طلبہ، سابق طلبہ اور انتظامیہ کی مشترکہ کاوشیں شامل ہیں، جنہوں نے کالج آف فارمیسی کو عالمی سطح پر نمایاں مقام دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔

کالج آف فارمیسی کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر محمد الشوربجی نے اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی ادارے کے لیے باعثِ فخر ہے اور اساتذہ کی محنت، طلبہ کے جذبہ اور تعلیمی پروگراموں کے معیار کی عکاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ ادارہ فارمیسی کی تعلیم میں جدت، تحقیق کے فروغ اور ایسے ماہرین کی تیاری کے لیے پرعزم ہے جو عالمی سطح پر صحت کے نظام میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔

یونیورسٹی کے چانسلر پروفیسر مندا وینکٹرامانا نے کہا کہ یہ کامیابی ادارے کے اس وژن کی توثیق ہے جس کے تحت  گلف میڈیکل یونیورسٹی   کو عالمی سطح پر طبی تعلیم، تحقیق اور کلینیکل تربیت کا ایک مؤثر مرکز بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ادارہ معیار، تنوع اور تعلیمی برتری کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔

واضح رہے کہ کالج آف فارمیسی اپنے جدید نصاب، مضبوط تحقیقی بنیاد اور عملی کلینیکل تربیت کے لیے جانا جاتا ہے، جو طلبہ کو جدید طبی تقاضوں سے ہم آہنگ پیشہ ورانہ مہارت فراہم کرتا ہے۔

اس موقع پر یونیورسٹی نے اعلان کیا ہے کہ داخلے جاری ہیں، اور ادارہ میڈیسن، ڈینٹسٹری، فارمیسی، ہیلتھ سائنسز، نرسنگ، ہیلتھ کیئر میں مصنوعی ذہانت اور ہیلتھ کیئر مینجمنٹ سمیت 45 منظور شدہ پروگرام پیش کر رہا ہے۔ 111 سے زائد ممالک کے طلبہ پر مشتمل متنوع تعلیمی ماحول کے ساتھ یونیورسٹی عالمی معیار کی تعلیم فراہم کر رہی ہے۔

گلف میڈیکل یونیورسٹی اس کامیابی کے ساتھ مستقبل میں صحت کے شعبہ میں جدت، مؤثر تحقیق اور ماہر افرادی قوت کی تیاری کے عزم کے ساتھ آگے بڑھنے کے لیے پُرعزم ہے۔


Share: