ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / جمہوریت پر سوال اٹھ گئے، بنگال نتائج میں سازش کے اشارے: کپل سبل کا بیان

جمہوریت پر سوال اٹھ گئے، بنگال نتائج میں سازش کے اشارے: کپل سبل کا بیان

Thu, 07 May 2026 18:27:57    S O News
جمہوریت پر سوال اٹھ گئے، بنگال نتائج میں سازش کے اشارے: کپل سبل کا بیان

نئی دہلی ، 7/ مئی (ایس او نیوز /ایجنسی) سینئر سیاسی لیڈر کپل سبل نے بنگال الیکشن کے نتائج پر تعجب کا اظہار کرتے ہوئے بی جے پی کو نشانہ بنایا اور کہاکہ بی جے پی بدلاؤ کی نہیں بلکہ بدلے کی سیاست کرتی ہے۔ انہوں نے پریس کانفرنس کے دوران کہاکہ الیکشن تو ہوتے رہتے ہیں، ہار جیت ہوتی رہتی ہے مگر جمہوریت کی شکست نہیں ہونی چاہئے۔ کوئی کیسے جیتا، کیا سازش کی؟ یہ اپنے آپ میں سوال اٹھتا ہے۔

انہوںنے کہاکہ وزیر اعظم نے کہا تھا کہ ہم بدلے کی نہیں بلکہ بدلاؤ کی پالیسی اپناتے ہیں۔ میں وزیر اعظم سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ ۲۰۱۴ء کے بعد کیا آپ نے بدلاؤ کی پالیسی اپنائی یا بدلے کی بلکہ آپ نے بدلے کی بنیاد پر حکومتوں کا بدلاؤ کیا۔ جہاں اپوزیشن کی اکثریت کی حکومتیں تھیں آپ نے توڑ کر اپنی حکومت بنائی۔ یہ بدلاؤ کی پالیسی تھی یا بدلے کی۔

انہوںنے کہاکہ جس طرح سے وزرائے اعلیٰ کے خلاف ای ڈی کا استعمال کیا گیا، یہ اقتدار کے بدلاؤ کی سیاست ضرور تھی مگر اس سے ملک کے بدلاؤ کا کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ آپ چاہتے ہیں کہ اپوزیشن کی حکومت کسی بھی ریاست میں نہ رہے۔ یہ بدلاؤ چاہتے ہیں آپ۔ یہ بدلاؤ نہیں بدلہ ہے۔

انہوںنے کہاکہ الیکشن کے بعد بنگال میں ٹی ایم سی کے دفاتر میں توڑ پھوڑ کی گئی، مارپیٹ ہوئی اور قتل بھی ہوئے۔ ہم چاہتے ہیں کہ ایسے ایشو پر بات کرو جو فرقہ پرستی سے جڑے نہ ہوں۔ بے روزگاری کیسے ختم ہو؟ اس کے بارے میں بات نہیں کرتے۔ ہر وقت آپ کا ہدف ہوتا ہے کہ کس طرح اپوزیشن کے خلاف کارروائی کی جائے۔

انہوںنے کہاکہ آپ نے کس کو چھوڑا؟ کسی وزیر اعلیٰ کو نہیں چھوڑا۔ آپ کا کام ہی یہی ہے۔ اس دوران کپل سبل نے آئی سی ای کی مثال دیتے ہوئے کہاکہ اس کا مطلب انکم ٹیکس، سی بی آئی اور ای ڈی ہے، اسی پر سیاست ہے آپ کی۔

بی جے پی لیڈر انوراگ ٹھاکر کا نام لئے بغیر انہوںنے کہاکہ آپ نان ویج کھانے پر پابندی کی بات کرتے ہیں جبکہ آپ کے ہی لوگ الیکشن کے دوران مچھلی کھاتے ہیں۔ حالانکہ یہ اچھی بات ہے۔

الیکشن کمیشن پر طنز کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ بنگال میں حکومت ایک طرف تھی، الیکشن کمیشن ایک طرف اور اپوزیشن الگ، تاہم ایس آئی آر کا چمتکار دیکھئے۔ انہوںنے کہاکہ تعجب کی بات ہے کہ جہاں بھی ووٹ حذف کئے گئے وہاں بی جے پی کے امیدوار بڑی تعداد میں جیتے جبکہ ٹی ایم سی کے امیدواروں کی ہار ہوئی۔ اب اس میں دال میں کچھ تو کالا ہے۔

اس کے علاوہ گنتی مراکز میں بھی مارپیٹ کی باتیں سامنے آئیں۔ کپل سبل نے کہا کہ آپ ملک کو مذہب کی بنیاد پر تقسیم کررہے ہیں جبکہ سیکولر ملک میں مذہب کی بنیاد کا کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ پہلے ہم سب ہندوستانی ہیں۔ آپ ہندو ووٹ متحد کرنے کی اپیل کرتے ہیں، آپ نے سارے ملک میں بٹوارہ کردیا، کیا اسی کو بدلاؤ کہتے ہو۔


Share: