ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کاروار : 6 دن سے ایل پی جی سپلائی بند - آٹو ڈرائیوروں کا احتجاج

کاروار : 6 دن سے ایل پی جی سپلائی بند - آٹو ڈرائیوروں کا احتجاج

Fri, 03 Apr 2026 20:06:20    S O News

کاروار 3 / اپریل (ایس او نیوز) تعلقہ کے شیجواڑہ میں 'گو گیس' بنک میں گزشتہ چھ دنوں سے گیس کی سپلائی مکمل طور پر بند ہو گئی ہے جس کی مذمت کرتے ہوئے آٹو ڈرائیورس اور مالکان یونین کی جانب احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

کاروار بس اسٹینڈ کے پاس موجود سرکل سے احتجاجی جلوس میں گیس کی سپلائی میں پیش آنے والی دقت اور ضلع بھر کی گیس کی قیمتوں میں من مانے طور پر ہو رہے اضافے کے خلاف نعرے بازی کی گئی۔ یہ جلوس ضلع ڈپٹی کمشنر کے دفتر کے روبرو پہنچا تو وہاں خطاب کرتے ہوئے  آٹو یونین کے ضلعی صدر وشواناتھ گوڑا نے کہا کہ بھٹکل، کمٹہ، سرسی، انکولہ جیسے تعلقہ جات میں گیس کی فی لیٹر قیمتوں میں 62 روپے سے لے کر 100 روپے فی لیٹر تک فرق دیکھا جا رہا ہے۔ کچھ پرائیویٹ گیس ڈیلروں نے امریکہ اور اسرائیل کی ایران کے ساتھ جنگ کو ذخیرہ اندوزی اور بڑی قیمتوں پر کالا بازاری کے لئے استعمال کر رہے ہیں۔ 

انہوں نے الزام لگایا کہ گیس کی بڑھی ہوئی قیمتوں کے خلاف آواز اٹھانے پر اس میں کمی کی جاتی ہے اور پھر اس کے بعد بنکوں کو بند کرکے گیس کے حصول کو ناممکن بنایا جاتا ہے ۔ اس طرح آٹو ڈرائیوروں کے روزگار کے ساتھ کھلواڑ کیا جاتا ہے۔

 یونین کے جنرل سیکریٹری نے کہا کہ گزشتہ 6 دنوں سے گیس نہ ملنے کی وجہ سے آٹو کو سڑکوں پر اتارا نہیں جا سکا ہے، جس کے نتیجے میں آٹو ڈرائیوروں کی روزانہ  کمائی متاثر ہوئی ہے ۔ ایسے حالات میں سرکاری افسران اور منتخب عوامی نمائندوں کی خاموشی آٹو ڈرائیوروں اور مزدوروں کے ساتھ  بڑی ناانصافی کے مترادف ہے۔  انہوں نے مطالبہ کیا کہ پورے ضلع میں گیس کی قیمتوں میں یکسانیت لائی جائے اور بغیر کسی رکاوٹ کے گیس کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ 

 انہوں نے مزید بتایا کہ اس سے قبل 10 فروری کو ہی گیس کے مسئلے پر میمورنڈم دیا گیا تھا مگر اس تعلق سے کوئی عملی کارروائی نہ ہونے کی وجہ سے سڑکوں پر اتر کر احتجاجی مظاہرہ کرنا ناگزیر ہو گیا۔ 

 ضلع ڈپٹی کمشنر کی غیر موجودگی میں تحصیلدار نشچل نرونا نے احتجاجی مظاہرین سے میمورنڈم وصول کیا ۔ انہوں نے گیس کی سربراہی میں درپیش رکاوٹ جلد ہی دور ہونے کا تیقن دیتے ہوئے کہا اس ضمن میں آٹو گیس بنک چلانے والوں کو مراسلے بھیجے گئے ہیں۔ 


Share: