جالنا یکم اپریل (ایس او نیوز): مہاراشٹرا کے ضلع جالنا میں ممبئی-ناگپور سمردھی ایکسپریس وے پر ایک انتہائی دردناک حادثہ پیش آیا، جہاں ایک بے قابو تیز رفتار کنٹینر ٹرک نے خواتین مزدوروں کو کچل دیا، جس کے نتیجے میں کم از کم 8 خواتین ہلاک جبکہ کئی دیگر شدید زخمی ہوگئیں۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق یہ حادثہ بدناپور تعلقہ کے کڈوانچی علاقے کے قریب پیش آیا، جہاں خواتین مزدور دن بھر کا کام مکمل کرنے کے بعد واپس جا رہی تھیں۔
ابتدائی معلومات کے مطابق مزدور خواتین ایک پک اپ/ٹیمپو گاڑی میں سوار تھیں یا اس کے قریب موجود تھیں کہ اسی دوران پیچھے سے آنے والے ایک تیز رفتار کنٹینر ٹرک نے زوردار ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی اور کئی خواتین موقع پر ہی جاں بحق ہوگئیں۔
ذرائع کے مطابق حادثہ اتنا شدید تھا کہ جائے وقوعہ پر چیخ و پکار اور افسوسناک مناظر دیکھنے کو ملے، جبکہ بعض خواتین کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔
زخمیوں کو فوری طور پر قریبی سرکاری اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے، جس میں سے بعض کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔
ابتدائی تحقیقات میں شبہ ظاہر کیا گیا ہے کہ حادثہ ڈرائیور کی لاپرواہی، تیز رفتاری یا ممکنہ طور پر غنودگی کے باعث پیش آیا، تاہم پولیس تمام پہلوؤں سے تحقیقات کر رہی ہے۔
مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ نے اس حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین کے لیے فی کس 5 لاکھ روپے مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔