ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / دبئی : گلف میڈیکل یونیورسٹی کی 20ویں میڈیکل اینڈ سائنس نمائش کا انعقاد، 10 ہزار سے زائد طلبہ و زائرین کی شرکت

دبئی : گلف میڈیکل یونیورسٹی کی 20ویں میڈیکل اینڈ سائنس نمائش کا انعقاد، 10 ہزار سے زائد طلبہ و زائرین کی شرکت

Sat, 14 Nov 2026 12:53:38    S O News

دبئی ، 14/ نومبر (ایس او نیوز/پریس ریلیز) گلف میڈیکل یونیورسٹی (جی ایم یو) عجمان کے زیر اہتمام منعقدہ 20ویں سالانہ میڈیکل اینڈ سائنس ایگزیبیشن (MASE 2026) میں متحدہ عرب امارات کے مختلف علاقوں سے 10 ہزار سے زائد طلبہ اور زائرین نے شرکت کی۔ اس موقع پر ملک کے 100 اسکولوں کے طلبہ نے مجموعی طور پر 1,453 سائنسی پروجیکٹس، تحقیقی پوسٹرس، کاروباری آئیڈیاز اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے متعلق تخلیقی پیشکشیں پیش کیں، جبکہ آن لائن ذریعہ سے مزید 493 شرکاء نے بھی اپنی شرکت درج کرائی۔

نمائش میں سائنسی پروجیکٹس کو سب سے زیادہ پذیرائی حاصل ہوئی، جن کی تعداد 540 رہی، جبکہ 419 تحقیقی پوسٹرس بھی پیش کیے گئے۔ اس کے علاوہ طلبہ نے 310 کاروباری آئیڈیاز اور مصنوعی ذہانت سے متعلق 184 اختراعات پیش کیں۔ ان تمام پروجیکٹس کے ذریعے طلبہ نے اپنی تخلیقی صلاحیتوں، سائنسی تحقیق اور عملی تجربات کا مظاہرہ کیا۔ طلبہ نے نہ صرف اپنے تیار کردہ پروجیکٹس کی نمائش کی بلکہ ماہرین کے سامنے ان کی افادیت اور سائنسی پہلوؤں کی وضاحت کرتے ہوئے سوالات کے جوابات بھی دیے۔

نمائش میں مصنوعی ذہانت سے متعلق پیشکشیں خصوصی توجہ کا مرکز رہیں۔ طلبہ نے دکھایا کہ کس طرح وہ مصنوعی ذہانت کو صحت اور سائنس کے شعبوں میں حقیقی مسائل کے حل کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔ اسی طرح کاروباری آئیڈیاز کے زمرے میں بھی طلبہ نے صحت کے شعبے میں نئے حل اور اختراعی کاروباری امکانات پیش کیے، جس سے ان کی تحقیقی اور کاروباری صلاحیتوں کا اندازہ ہوا۔

Gulf Medical University Medical and Science Exhibition 2026-2

ڈاکٹروں، پروفیسرز اور میڈیکل سائنس کے ماہرین پر مشتمل جیوری نے تمام پروجیکٹس کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد میٹروپولیٹن انٹرنیشنل انڈین پرائیویٹ اسکول، ام القوین کو نمائش کا مجموعی فاتح قرار دیا، جبکہ شارجہ انڈین اسکول، غبیبہ نے دوسرا مقام حاصل کیا۔ دونوں اسکولوں کی ٹیموں نے مختلف زمروں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

واضح رہے کہ میڈیکل اینڈ سائنس ایگزیبیشن کا آغاز تقریباً دو دہائی قبل تھمبے گروپ کے بانی صدر ڈاکٹر تھمبے محی الدین کے وژن کے تحت کیا گیا تھا۔ ان کا مقصد یہ تھا کہ اسکول کے طلبہ کو میڈیکل یونیورسٹی کے ماحول سے روشناس کرایا جائے اور انہیں مستقبل میں طب، صحت اور سائنسی تحقیق کے شعبوں میں کیریئر اختیار کرنے کے لیے ابتدائی مرحلے ہی سے رہنمائی فراہم کی جائے۔

سال 2012 میں اس نمائش میں چار امارات کے 15 اسکولوں کے طلبہ نے حصہ لیا تھا، جبکہ آج یہ متحدہ عرب امارات کے تعلیمی کیلنڈر کے اہم پروگراموں میں شامل ہوچکی ہے، جہاں ہر سال ہزاروں طلبہ تھمبے میڈیسٹی پہنچ کر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہیں۔

اس نمائش کے ذریعے طلبہ کو میڈیکل یونیورسٹی کے اساتذہ اور ماہرین سے ملاقات، جدید لیبارٹریوں اور طبی تربیتی سہولتوں کا مشاہدہ کرنے اور طب، صحت عامہ اور سائنسی تحقیق کے شعبوں میں مستقبل کے امکانات کو سمجھنے کا موقع ملتا ہے۔ اس طرح انہیں اپنے تعلیمی اور پیشہ ورانہ مستقبل کے انتخاب میں بہتر رہنمائی حاصل ہوتی ہے۔

گلف میڈیکل یونیورسٹی عجمان، تھمبے گروپ کا تعلیمی ادارہ ہے اور خطے کی نمایاں نجی میڈیکل یونیورسٹیوں میں شمار ہوتی ہے۔ تھمبے میڈیسٹی میں واقع اس یونیورسٹی میں طب، دندان سازی، فارمیسی، نرسنگ، فزیوتھراپی، بایومیڈیکل سائنسز، ہیلتھ کیئر مینجمنٹ اور صحت عامہ سمیت مختلف شعبوں میں تعلیمی پروگرام فراہم کیے جاتے ہیں۔ یونیورسٹی میں 111 سے زائد ممالک کے طلبہ زیر تعلیم ہیں، جو اس کے نعرے ’’جہاں دنیا تعلیم حاصل کرنے آتی ہے‘‘ کی عکاسی کرتا ہے۔

Click here for report in English


Share: