انقرہ، 10 /نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی) ترکی کے ایک آئرن اور اسٹیل پلانٹ میں پیر (9 نومبر) کو ہوئے زبردست دھماکے اور آگ لگنے کے واقعے میں 16 افراد ہلاک ہو گئے۔ صدر رجب طیب اردغان نے کابینہ کی طے شدہ میٹنگ کے بعد بتایا کہ ازمیر صوبہ کے عالی آغا میں واقع ’ہاباش‘ پلانٹ میں آگ لگنے کے باعث 13 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں، جن میں سے 2 کی حالت تشویشناک ہے۔ اردغان نے کہا کہ اس دھماکے کی عدالتی اور انتظامی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ اس افسوسناک واقعے کی وجوہات اور حالات کا پتہ لگایا جائے گا کہ یہ کیسے پیش آیا، کس کی لاپرواہی تھی اور اس کے لیے کون ذمہ دار ہے۔ اس واقعے سے پورا ملک گہرے صدمے میں ہے۔
صوبائی گورنر سلیمان البان نے بتایا کہ ایک بوائلر کو تبدیل کرنے کے دوران کرین بھٹی (فرنس) میں گر گئی، جس سے قریب واقع اسٹیل مل میں دھماکہ ہو گیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ بوائلر تبدیل کرنے کے کام کی وجہ سے پیداوار روک دی گئی تھی، اس لیے وہاں معمول کے 300 کے بجائے 200 ملازمین موجود تھے۔ اس سے قبل نیوز چینل ’این ٹی وی‘ نے دھماکے کے فوراً بعد کی تصاویر دکھائی تھیں، جن میں پلانٹ کے اندر زبردست آگ اور دھوئیں کے بادل اٹھتے ہوئے نظر آ رہے تھے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ’انادولو‘ کے مطابق واقعے کے عینی شاہد نوری علی اولکر نے بتایا کہ ’’زمین ہل گئی تھی۔ دھماکہ بہت زوردار تھا۔‘‘ انادولو کے مطابق ایک اور عینی شاہد دنیز اولکر نے کہا کہ ’’دھماکہ ایسا محسوس ہوا جیسے ہمارے پیروں تلے زمین کھسک رہی ہو۔ مجھے لگا کہ زلزلہ آ گیا ہے۔‘‘ وزیر داخلہ مصطفیٰ چفتچی نے بتایا کہ ہنگامی امدادی ٹیموں نے آگ بجھانے کے ساتھ ساتھ متاثرین کی تلاش بھی کی۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ ہمارے زخمی ساتھیوں کو اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے اور ان کی صحت پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔ گورنر کے دفتر نے بتایا کہ دھماکہ دوپہر کے وقت (0900 جی ایم ٹی) کے قریب ہوا۔ معاملے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور وزیر قانون آکن گورلیک نے بتایا کہ اس معاملے کی تحقیقات کے لیے 4 سرکاری وکلاء (پبلک پراسیکیوٹرز) کو مقرر کیا گیا ہے۔
پرائیویٹ خبر رساں ایجنسی ’دمیرورین‘ نے خبر دی ہے کہ اس دھماکے کے سلسلے میں 5 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔ عالی آغا میں ایک بڑا بندرگاہ بھی ہے اور یہ جہاز توڑنے (شپ بریکنگ) کے کام کے لیے مشہور ہے۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ اس سرگرمی سے ماحولیات کو کافی نقصان پہنچا ہے، جس کے باعث مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ وہاں کے شپ بریکنگ یارڈ کو یورپی یونین کی ’جہازوں کی ری سائیکلنگ کی سہولیات‘ کی فہرست سے خارج کیا جائے۔
یہ حادثہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب دنیا بھر کے رہنما اور ماحولیاتی کارکن موسمیاتی تبدیلی کو روکنے پر تبادلۂ خیال کے لیے ترکی کے بحیرہ روم کے ساحل پر واقع شہر انطالیہ میں جمع ہوئے ہیں۔ کمپنی کی ویب سائٹ کے مطابق ’ہاباش‘ پلانٹ 1987 میں قائم کیا گیا تھا اور اس میں سالانہ 45 لاکھ ٹن اسٹیل تیار کرنے کی صلاحیت ہے۔