نئی دہلی ، 13/ جون (ایس او نیوز /ایجنسی)امتحانی بے ضابطگیوں کے خلاف کاکروچ جنتا پارٹی (سی جے پی) کے بینر تلے لکھنؤ میں بھی طلبہ اور امیدواروں نے احتجاج کیا۔ جمعہ کوکئے جانے والےاس مظاہرے میں سی جے پی سربراہ ابھیجیت دپکے نے شرکت اور سیکڑوں مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئےمرکزی وزیرتعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفے کا مطالبہ دہرایا۔
انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق تدریسی، طبی، ریونیو، انتظامی اور دیگر سرکاری بھرتیوں کے امتحانات کی تیاری کرنے والے درجنوں امیدوار صبح سے ہی لکھنؤ کے ایکو گارڈن میں جمع ہونا شروع ہوگئے تھے۔ یہ احتجاج کاکروچ جنتا پارٹی(سی جے پی) کی جانب سے شروع کی گئی ملک گیر مہم کا حصہ ہے۔ اس سے قبل دہلی اور پونے میں بھی اسی نوعیت کے مظاہرے کیے جا چکے ہیں۔
ایڈیشنل کمشنر آف پولیس (لاء اینڈ آرڈر) ببلو کمار نے بتایا کہ احتجاج کی اجازت ایک تنظیم کے بجائے ایک فرد کی درخواست پر دی گئی تھی۔ انہوں نے کہا، ’’درخواست ایک ٹیچر، وویک کمار، نے جمعرات کی شام دیر سے جمع کرائی تھی۔ ضروری کارروائی مکمل ہونے کے بعد احتجاج کی اجازت دے دی گئی۔ ‘‘
ببلو کمار نے ان خبروں کی بھی تردید کی جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ پولیس نے احتجاج کی اجازت دینے سے انکار کر دیا تھا۔ ان کے مطابق جمعرات کی شام تک احتجاج سے متعلق کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی تھی۔
پولیس کے مطابق احتجاج کے لیے صبح۱۰؍ بجے سے شام۴؍ بجے تک کی اجازت دی گئی ہے اور تقریباً ایک ہزار افراد کی شرکت متوقع ہے۔ اس سے قبل ابھجیت دپکے نے کہا تھا کہ احتجاج پُرامن اور آئینی دائرے میں رہتے ہوئے کیا جائے گا، جبکہ اس کے ذریعے امتحانات میں مبینہ بے ضابطگیوں کے معاملے کو اجاگر کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا، ’’ہم دہلی اور پونے میں بھی پُرامن احتجاج کر چکے ہیں۔ ہم کوئی غلط کام نہیں کر رہے۔ ہم صرف جمہوری نظام میں اپنا مؤقف پیش کرنا چاہتے ہیں۔ ‘‘
سی جے پی آئندہ امرتسر اور بنگلور میں بھی اسی نوعیت کے مظاہرے کرے گی، جس کے بعد۲۰؍ جون کو دہلی کے جنتر منتر پر ایک بڑے احتجاج کا انعقاد کیا جائے گا۔
تعلیمی نظام میں اصلاحات، بھرتی کے امتحانات میں شفافیت اور بڑھتی ہوئی بے روزگاری کے مسائل پر کاکروچ جنتاپارٹی (سی جے پی)۱۵؍ جون، پیر کے روز جے پور کے شہید اسمارک پر ایک بڑے اور پُرامن عوامی احتجاج کا انعقاد کرے گی۔ امراُجالا کی رپورٹ کے مطابق دوپہر۳؍بجے شروع ہونے والے اس عظیم احتجاج میں ریاست بھر سے طلبہ، والدین، بے روزگار نوجوان، اساتذہ، سماجی کارکنان اور مختلف تنظیموں کے نمائندوں کی شرکت متوقع ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی ترجمان آشوتوش رانکا، احتجاجی پروگرام کے انچارج دیپک بالیان، میڈیا انچارج ابھیشیک جین بٹو اور دلت کارکن روشن موڑیا سمیت دیگر عہدیداروں نےمظاہرے کے خدوخال بیان کیے۔ قومی ترجمان آشوتوش رانکا نے کہا کہ طنزیہ انداز میں شروع ہونے والی کاکروچ جنتا پارٹی کی مہم اب ایک عوامی تحریک کی شکل اختیار کر چکی ہے۔