لکھنو، 19 نومبر (ایس او نیوز): اترپردیش میں جمعرات کی صبح پیش آنے والے دو الگ الگ سڑک حادثات میں کم از کم پانچ افراد ہلاک اور 30 سے زائد زخمی ہوگئے۔ ایک حادثہ کانپور دیہات میں بس اور ٹرک کے درمیان پیش آیا، جبکہ دوسرے حادثے میں اعظم گڑھ کے پوروانچل ایکسپریس وے پر گھنی دھند کے باعث بس، ٹریلر اور متعدد دیگر گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں۔
اطلاع کے مطابق، پہلا حادثہ کانپور دیہات کے سکندرا علاقے میں نیشنل ہائی وے پر صبح تقریباً 4:30 سے 5 بجے کے درمیان پیش آیا۔ راجستھان کے مہندی پور بالاجی مندر کی یاترا سے واپس اترپردیش کے ضلع اناؤ جانے والی سیاحتی بس آگے چل رہے ٹرک سے ٹکرا گئی۔ اس حادثے میں دو مسافروں کی موقع پر ہی موت ہوگئی، جبکہ 22 دیگر زخمی ہوئے۔ زخمیوں میں سے 12 کو بہتر علاج کے لیے ضلعی اسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس کے مطابق بس میں 33 افراد سوار تھے۔ ابتدائی اطلاعات میں شبہ ظاہر کیا گیا ہے کہ ڈرائیور کو نیند آنے کے باعث یہ حادثہ پیش آیا۔ زخمی مسافروں میں سے ایک نے بھی الزام لگایا کہ ڈرائیور نے آرام کرنے کے لیے مسافروں کے کہنے کے باوجود بس نہیں روکی تھی۔
دوسرا حادثہ اعظم گڑھ ضلع میں مبارک پور تھانہ علاقے کے تحت فخرالدین پور گاؤں کے قریب پوروانچل ایکسپریس وے پر صبح تقریباً 8 بجے پیش آیا۔ گھنی دھند کے باعث حدِ نگاہ کم ہونے سے لکھنؤ کی سمت سے آنے والی ایک تیز رفتار نجی سلیپر بس آگے چل رہے ٹریلر سے ٹکرا گئی۔ اس کے بعد پیچھے سے آنے والی گاڑیاں بھی یکے بعد دیگرے آپس میں ٹکرا گئیں۔ اس حادثے میں تین افراد ہلاک اور 14 زخمی ہوئے۔ حادثے میں دو بسیں اور پانچ ٹرک بھی تباہ یا متاثر ہوئے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا۔ ضلع مجسٹریٹ رویندر کمار نے ضلع اسپتال پہنچ کر زخمیوں کی عیادت کی اور ڈاکٹروں کو بہتر طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت دی۔ حکام کے مطابق حادثے کی وجوہات کی تحقیقات کی جائیں گی۔