
بیندور، 18/ نومبر(ایس او نیوز) بیندور پولیس نے ایک 32 سالہ شخص کو گرفتار کیا ہے جس پر الزام ہے کہ وہ ریل مسافروں کے موبائل فون چراتا تھا اور یو پی آئی (UPI) کے ذریعے دھوکہ دہی سے رقم منتقل کرتا تھا۔ اس کے قبضے سے چوری شدہ تین موبائل فون برآمد کیے گئے ہیں ۔
پولیس کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب روبن فرنانڈیز نے شکایت درج کرائی کہ وہ 2 اگست کو ٹرین کے ذریعے منگلورو سے مڑگاؤں کا سفر کر رہا تھا۔ رات تقریباً 2 بجے بیندور ریلوے اسٹیشن کے قریب ایک نامعلوم شخص نے مبینہ طور پر ٹرین سے اس کا 'موٹورولا جی 54 5 جی' موبائل فون چرا لیا، جس کی مالیت تقریباً 17,000 روپے ہے ۔ اس کے بعد ملزم نے اسی چرائے فون کا استعمال کرتے ہوئے یو پی آئی ٹرانزیکشنز کے ذریعے 19,847 روپے منتقل کر لیے ۔
بیندور پولیس نے اس شکایت کی بنیاد پر بھارتیہ نیائے سنہیتا (BNS) کی دفعہ 305(c) اور انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ کی دفعات 66(C) اور 66(D) کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔
تفتیش کے دوران بیندور سرکل کے پولیس انسپکٹر شیوکمار بی نے اڈپی تعلقہ کے گاؤں ’ایروڈی‘ (Airody) کے علاقے ’گولی بیٹو‘کے رہائشی شینا پجاری کے بیٹے پرہلاد (32 سال) کو حراست میں لے کر اس سے پوچھ گچھ کی ۔ پولیس نے اس کے قبضے سے تین موبائل فون برآمد کیے: ایک موٹرولا G54 5G، ایک ایپل آئی فون 16 پرو میکس اور ایک iQOO Z9۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تفتیش کے دوران ملزم نے اعتراف کیا کہ اس نے 2 اگست کو اپنے ساتھی جوشی نارائن نائیک کے ساتھ مل کر بیندور کے قریب ایک ریل مسافر سے سام سینگ M34 موبائل فون چوری کیا تھا ۔ اس نے یہ بھی بتایا کہ اسی شخص کے ساتھ مل کر اس نے 13 اکتوبر کو بیندور کے قریب ایک مسافر سے ایپل آئی فون 16 پرو میکس بھی چوری کیا تھا ۔
اس کے علاوہ اس نے 6 مارچ کو بیندور کے قریب ایک ریل مسافر سے iQOO Z9 موبائل فون چوری کرنے کا بھی اعتراف کیا ۔
ان واقعات کے سلسلے میں، بیندور پولیس نے بی این ایس (BNS) کی دفعہ 305 کے تحت مقدمہ نمبر 142/2026، دفعہ 305(c) کے تحت مقدمہ نمبر 144/2026، اور دفعہ 305(b) کے تحت مقدمہ نمبر 168/2026 درج کیا ہے ۔
بتایا جاتا ہے کہ ملزم دیگر کئی مجرمانہ مقدمات میں بھی ملوث ہے جو مختلف پولیس اسٹیشنوں میں درج ہیں، جن میں کاروار رورل پولیس اسٹیشن (مقدمہ نمبر 89/2025)، بنٹوال ٹاؤن پولیس اسٹیشن (مقدمہ نمبر 122/2023)، اڈپی ٹاؤن پولیس اسٹیشن (مقدمہ نمبر 01/2023)، برہماور پولیس اسٹیشن (مقدمہ نمبر 22/2017)، کوٹا پولیس اسٹیشن (مقدمہ نمبر 09/2013) اور کنداپور ٹاؤن پولیس اسٹیشن (مقدمہ نمبر 325/2025) شامل ہیں ۔
یہ کارروائی کنداپور سب ڈویژن کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ایچ ڈی کلکرنی کی رہنمائی میں اور بیندور سرکل کے پولیس انسپکٹر شیوکمار بی کی قیادت میں انجام دی گئی ۔ ملزم کو باضابطہ طور پر گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا گیا جہاں سے اس کو عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا ۔