
منگلورو، 18 / نومبر(ایس او نیوز) محکمہ پولیس میں ایک بڑے ردوبدل کے تحت ریاستی حکومت نے آج 31 آئی پی ایس (IPS) افسران کے فوری تبادلے کے احکامات جاری کیے ۔
ساحلی خطے کے لیے ایک اہم پیش رفت کے طور پر این ششی کمار کو منگلورو میں ویسٹرن رینج کا نیا انسپکٹر جنرل آف پولیس (IGP) مقرر کیا گیا ہے ۔ خیال رہے کہ یہ عہدہ خالی تھا اور ششی کمار بھی تعیناتی کے منتظر تھے ۔
این ششی کمار اس سے قبل منگلورو سٹی پولیس کمشنر کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں ۔ ریاستی دارالحکومت میں آر ہتیندر کو جو کہ اس سے قبل امن و امان کے لیے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (ADGP) تھے، بنگلورو شہر کا نیا چیف کمشنر آف پولیس (CoP) مقرر کیا گیا ہے ۔
بنگلورو شہر کے پولیس کمشنر سیمنت کمار سنگھ کا تبادلہ کر دیا گیا ہے اور انہیں کرناٹک اسٹیٹ فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز میں اے ڈی جی پی (ADGP) کے عہدے پر تعینات کیا گیا ہے ۔