ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / یوگیش گوڑا قتل کیس: مجرم قرار پانے کے بعد ونئے کلکرنی کی منتقلی کے دوران بس میں دھواں، ٹل گیا بڑا حادثہ

یوگیش گوڑا قتل کیس: مجرم قرار پانے کے بعد ونئے کلکرنی کی منتقلی کے دوران بس میں دھواں، ٹل گیا بڑا حادثہ

Thu, 16 Apr 2026 12:17:04    S O News

بنگلورو، 16 اپریل (ایس او نیوز/پی ٹی آئی): بی جے پی لیڈر یوگیش گوڑا قتل کیس میں کانگریس کے رکن اسمبلی ونئے کلکرنی کو عدالت کی جانب سے مجرم قرار دیے جانے کے بعد بدھ کے روز ایک بڑا حادثہ اس وقت ٹل گیا جب انہیں اور دیگر 16 مجرمین کو لے جانے والی بس میں اچانک فنی خرابی پیدا ہوگئی اور گاڑی دھوئیں سے بھر گئی۔

اطلاعات کے مطابق بنگلورو میں اراکین پارلیمنٹ و اسمبلی کے لیے قائم خصوصی عدالت نے 2016 کے سنسنی خیز یوگیش گوڑا قتل کیس میں ونئے کلکرنی سمیت 16 دیگر ملزمین کو قصوروار قرار دیا، جبکہ دو ملزمین کو بری کر دیا گیا۔ عدالت نے تمام مجرمین کو قتل اور مجرمانہ سازش کا مرتکب ٹھہراتے ہوئے مرکزی تفتیشی ایجنسی (سی بی آئی) کو ہدایت دی کہ انہیں اپنی تحویل میں لے لیا جائے۔ عدالت کی جانب سے سزا کی مقدار کا اعلان آج (جمعرات) کو متوقع ہے۔

واضح رہے کہ یوگیش گوڑا، جو دھارواڑ ضلع پنچایت کے سابق رکن بھی تھے، 15 جون 2016 کو اپنے جم میں نامعلوم حملہ آوروں کے ہاتھوں بے دردی سے قتل کر دیے گئے تھے۔ اس وقت ونئے کلکرنی ریاستی کابینہ میں وزیر کے عہدے پر فائز تھے اور ان پر اس قتل کی سازش میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔ ابتدا میں اس کیس کی تفتیش مقامی پولیس کے سپرد تھی، تاہم 2019 میں ریاست میں بی جے پی حکومت کے قیام کے بعد کیس سی بی آئی کے حوالے کر دیا گیا۔ سی بی آئی نے اس دوران 113 گواہوں کے بیانات ریکارڈ کیے اور 2020 میں کلکرنی کو گرفتار کیا۔ بعد ازاں انہیں سپریم کورٹ سے ضمانت حاصل ہوئی تھی۔

عدالتی فیصلے کے فوراً بعد بدھ کو جب ونئے کلکرنی کو دیگر مجرمین کے ساتھ بنگلورو کی پرپنا اگراہارا سینٹرل جیل منتقل کیا جا رہا تھا، اسی دوران جیل کے قریب بس میں ممکنہ شارٹ سرکٹ اور ڈیزل کے رساؤ کے باعث اچانک دھواں اٹھنے لگا، جس سے بس میں سوار افراد میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ بس میں سی بی آئی کی سکیورٹی ٹیم کے اہلکار بھی موجود تھے۔

پولیس ذرائع کے مطابق سی بی آئی کی ٹیم نے فوری اور مستعدی کے ساتھ کارروائی کرتے ہوئے بس میں سوار تمام افراد کو بحفاظت باہر نکال لیا، جس کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ بعد ازاں تمام مجرمین کو متبادل گاڑیوں کے ذریعے سخت سکیورٹی کے درمیان جیل منتقل کر دیا گیا۔

حکام نے بتایا کہ سکیورٹی ٹیم کی بروقت کارروائی کے باعث ایک ممکنہ بڑے حادثے کو ٹال دیا گیا اور تمام افراد محفوظ رہے۔


Share: