ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اڈپی: غیر قانونی طور پر مقیم دس بنگلہ دیشی شہریوں کو ملک واپس بھیجنے کی تیاری

اڈپی: غیر قانونی طور پر مقیم دس بنگلہ دیشی شہریوں کو ملک واپس بھیجنے کی تیاری

Thu, 26 Nov 2026 19:47:07    S O News

اڈپی 26 / نومبر(ایس او نیوز/پی ٹی آئی)  بنگلہ دیش کے دس شہری جنہیں غیر مجاز دستاویزات کا استعمال کرتے ہوئے بھارت میں غیر قانونی طور پر قیام کرنے کے جرم میں سزا سنائی گئی تھی، اپنی قید کی مدت مکمل کرنے کے بعد بنگلہ دیش واپس بھیجے جا رہے ہیں۔

یاد رہے کہ ملپے پولیس نے 11 اکتوبر 2024 کو ملپے پولیس اسٹیشن کی حدود میں واقع وڈا بھنڈیشور بس اسٹینڈ کے قریب ان 10 بنگلہ دیشی شہریوں کو مشکوک حالت میں پایا تھا۔

تحقیقات کے دوران یہ بات ثابت ہوئی کہ وہ بنگلہ دیشی شہری ہیں اور بھارت میں غیر قانونی طور پر رہائش پذیر تھے ۔ اس بنیاد پر ملپے پولیس نے مقدمہ درج کر لیا، اور تفتیش مکمل ہونے کے بعد  عدالت میں حتمی رپورٹ پیش کی گئی۔

مقدمے کی سماعت کے بعد  عدالت نے 8 دسمبر 2025 کو تمام 10 ملزمان کو دو سال قید کی سزا سنائی اور ہر ایک پر 10,000 روپے جرمانہ بھی عائد کیا۔

گرفتار شدہ بنگلہ دیشیوں کو پہلے اڈپی ڈسٹرکٹ جیل میں رکھا گیا تھا ۔ بعد میں اپنی سزا کاٹنے کے لیے شیموگا سینٹرل جیل منتقل کر دیا گیا ۔ ان کی قید کی مدت 10 اکتوبر 2026 کو مکمل ہوئی۔

اب مرکزی وزارت داخلہ اور بنگلورو میں غیر ملکیوں کے علاقائی رجسٹریشن آفیسر کے احکامات کے بعد ان 10 بنگلہ دیشی شہریوں کو ان کے آبائی ملک واپس بھیجنے کے انتظامات کیے گئے ہیں۔

واپسی کے عمل (ڈیپورٹیشن) کے حصے کے طور پر ملپے سرکل انسپکٹر رام چندر نائک کی قیادت میں پولیس کی ایک ٹیم  23 نومبر 2026 کو ٹرین کے ذریعے اڈ پی سے روانہ ہوئی اور ان 10 افراد کو بنگلورو لے گئی، جہاں سے انہیں مغربی بنگال کے مالدہ میں بارڈر سیکیورٹی فورس (BSF) کے کمانڈنٹ اور نوڈل آفیسر کے حوالے کیا گیا تاکہ واپسی کا باضابطہ عمل مکمل کیا جا سکے۔

یہ پورا آپریشن اڈپی کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس اور ڈسٹرکٹ فارنرز رجسٹریشن آفیسر، ہری رام شنکر (آئی پی ایس) کی نگرانی میں انجام دیا گیا۔

ڈسٹرکٹ اسپیشل برانچ کے پولیس انسپکٹر ہریش آر اور ڈسٹرکٹ فارنرز ڈویژن کے اے ایس آئی پردیپ، امر کمار اور میتری نے غیر ملکیوں کی واپسی کے اس عمل میں معاونت کی۔


Share: