ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / شیموگہ: شادی میں شرکت کے لیے بنگلورو سے آئے چار نوجوان تُنگا ندی میں ڈوب کر ہلاک

شیموگہ: شادی میں شرکت کے لیے بنگلورو سے آئے چار نوجوان تُنگا ندی میں ڈوب کر ہلاک

Fri, 27 Nov 2026 00:23:06    S O News
شیموگہ: شادی میں شرکت کے لیے بنگلورو سے آئے چار نوجوان تُنگا ندی میں ڈوب کر ہلاک

شیموگہ 26 نومبر (ایس او نیوز): کرناٹک کے ضلع شیموگہ میں تیرتھ ہلی تعلقہ کے مہیشی گاؤں کے قریب تُنگا ندی میں ڈوبنے سے بنگلورو کے چار نوجوانوں کی موت ہوگئی۔ یہ افسوسناک واقعہ جمعرات کو اس وقت پیش آیا جب نوجوان ندی میں نہانے اور تیراکی کے لیے اترے تھے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ایک نوجوان پانی کے تیز بہاؤ کی زد میں آکر ڈوبنے لگا تو اسے بچانے کی کوشش میں اس کے تین دیگر دوست بھی ندی میں اتر گئے اور چاروں ڈوب گئے۔

مہلوکین کی شناخت کارتک (31)، پون (30)، نکول (19) اور چیتن (19) کے طور پر کی گئی ہے۔ یہ تمام نوجوان بنگلورو کے مختلف علاقوں کے رہنے والے تھے۔ اطلاعات کے مطابق کارتک، پون اور نکول قانون کے طالب علم تھے، جبکہ چیتن ایک نجی کمپنی میں ملازمت کرتا تھا۔

ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق چاروں نوجوان بنگلورو سے شیموگہ ایک شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے آئے تھے۔ شادی کی تقریب میں شرکت کے بعد انہوں نے آس پاس کسی سیاحتی مقام پر جانے کا منصوبہ بنایا۔ اس دوران گوگل پر قریبی ندی کے مقام کی تلاش کی اور گوگل میپس کی مدد سے تیرتھ ہلی تعلقہ کے مہیشی گاؤں کے قریب واقع تُنگا ندی کے کنارے پہنچ گئے۔ بتایا جاتا ہے کہ وہ اشوتھ نارائن مندر کے قریب ندی کے کنارے وقت گزار رہے تھے کہ یہ حادثہ پیش آیا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کے اہلکار اور پولیس موقع پر پہنچ گئے اور تلاش و بچاؤ کی کارروائی شروع کی۔ مالور پولیس اسٹیشن کے دائرہ اختیار میں پیش آئے اس حادثے میں چاروں نوجوانوں کی لاشیں نکال لی گئی ہیں۔

شیموگہ کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس بی۔ نکھل کے مطابق لاشوں کو تیرتھ ہلی کے جے سی اسپتال منتقل کیا گیا ہے، جہاں جمعہ کی صبح پوسٹ مارٹم کے بعد انہیں اہل خانہ کے حوالے کیا جائے گا۔ اس حادثے سے نوجوانوں کے خاندانوں میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔

Click here for report in English 


Share: