ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / منگلورو ایئرپورٹ پر سونے کی اسمگلنگ میں مدد کا الزام، دو ملازمین سمیت تین افراد گرفتار؛ 2 کروڑ کا سونا ضبط

منگلورو ایئرپورٹ پر سونے کی اسمگلنگ میں مدد کا الزام، دو ملازمین سمیت تین افراد گرفتار؛ 2 کروڑ کا سونا ضبط

Thu, 26 Nov 2026 10:59:15    S O News

منگلورو، 26 نومبر (ایس او نیوز): منگلورو انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سونے کی اسمگلنگ کے ایک منظم نیٹ ورک کا پردہ فاش کرتے ہوئے ڈائریکٹوریٹ آف ریونیو انٹیلی جنس (ڈی آر آئی) نے ایئرپورٹ کے دو آؤٹ سورس ملازمین سمیت تین افراد کو گرفتار کیا ہے۔ کارروائی کے دوران تقریباً 2 کروڑ روپے مالیت کا 1.65 کلو گرام غیر ملکی سونا اور 73 لاکھ روپے نقد رقم ضبط کی گئی ہے۔

ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق ڈی آر آئی کے منگلورو ریجنل یونٹ کو اطلاع ملی تھی کہ ایئرپورٹ پر تعینات دو آؤٹ سورس ملازمین دبئی اور کیرالہ کے قصبے کاسرگوڈ سے وابستہ اسمگلروں کے ساتھ مبینہ طور پر مل کر سونے کی غیر قانونی منتقلی میں مدد کررہے ہیں۔ اسمگلنگ کا طریقہ یہ تھا کہ متحدہ عرب امارات سے آنے والے بعض مسافر سونا ایئرپورٹ کے امیگریشن کاؤنٹر کے قریب واقع بیت الخلا میں چھپا دیتے تھے، جہاں سے مذکورہ ملازمین اسے باہر نکال کر اپنے ساتھیوں تک پہنچاتے تھے۔

مخصوص اطلاع ملنے کے بعد ڈی آر آئی حکام نے ایئرپورٹ کے آمد والے حصے میں خفیہ نگرانی شروع کی۔ 23 نومبر کی صبح حکام نے منگلورو سے تعلق رکھنے والے ایک آؤٹ سورس ملازم کو اس وقت پکڑ لیا جب وہ امیگریشن کاؤنٹر کے قریب بیت الخلا سے چھپایا گیا سونا نکال رہا تھا۔ اس کے قبضے سے سونے کے پیسٹ پر مشتمل دو مستطیل شکل کی سلاخیں برآمد ہوئیں۔

تحقیقات میں مبینہ طور پر سامنے آیا کہ گرفتار ملازم یہ سونا کاسرگوڈ سے تعلق رکھنے والے ایک دوسرے آؤٹ سورس ملازم کے حوالے کرنے والا تھا، جو اسے ایئرپورٹ سے تقریباً دو کلومیٹر دور ایک مقام پر کاسرگوڈ ہی کے تیسرے شخص تک پہنچانے کی ذمہ داری نبھاتا۔

اس اطلاع کی بنیاد پر ڈی آر آئی نے دوسرے ملازم اور تیسرے شخص کو بھی حراست میں لے لیا۔ بعد ازاں تلاشی کے دوران تقریباً 73 لاکھ روپے نقد ضبط کیے گئے، جس کے بارے میں شبہ ہے کہ یہ رقم اسمگلنگ کی سرگرمیوں سے حاصل ہونے والی آمدنی ہے۔ مجموعی طور پر 1.65 کلو گرام غیر ملکی سونا، جس کی مالیت تقریباً 2 کروڑ روپے بتائی گئی ہے، ایک کار اور ایک دو پہیہ گاڑی بھی ضبط کی گئی ہیں۔

تینوں ملزمین کو کسٹمز ایکٹ 1962 کے تحت گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں سے انہیں 7 دسمبر تک عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا ہے۔ حکام نے معاملے کی مزید تحقیقات جاری رہنے کی اطلاع دی ہے۔


Share: