ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / 13 نومبر سے ہوگا بنگلورو – کاروار وندے بھارت ٹرین کا باضابطہ آغاز

13 نومبر سے ہوگا بنگلورو – کاروار وندے بھارت ٹرین کا باضابطہ آغاز

Wed, 11 Nov 2026 12:33:40    S O News

کاروار، 11 /نومبر ( ایس او نیوز) اتر کنڑا ضلع کے لئے وندے بھارت ٹرین کی باضابطہ سروس شروع ہوگی جب 13 نومبر کو بنگلورو میں وزیر اعظم نریندر مودی’بنگلورو- منگلورو- مڈگاؤں وندے بھارت ایکسپریس‘ کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کریں گے ۔

اڈپی- چکمگلورو کے رکن پارلیمنٹ کوٹا سری نواس پجاری نے نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ساحلی علاقے سے بنگلورو کی جانب جانے والی وندے بھارت ٹرین کا ایک علامتی افتتاح منگلورو جنکشن پر بھی بیک وقت منعقد کیا جائے گا ۔ مرکزی وزیر ریلوے اشونی ویشنو، منگلورو، اڈوپی اور اتر کنڑا کی نمائندگی کرنے والے اراکین پارلیمان کے ہمراہ منگلورو میں ’مڈگاؤں- منگلورو- بنگلورو وندے بھارت ایکسپریس‘ کا افتتاح کریں گے ۔

رکن پارلیمان سری نواس پجاری نے کہا کہ 13 نومبر کو افتتاح کے بعد 15 نومبر سے دونوں سمتوں میں باقاعدہ سروس کا آغاز ہو جائے گا ۔

انہوں نے اس سروس کے آغاز پر وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر ریلوے اشونی ویشنو اور وی سومنا کو مبارکباد دی ۔ انہوں نے ساحلی علاقے کو وندے بھارت سروس کے ذریعے  جوڑنے میں تعاون کرنے پر منگلورو کے رکن پارلیمان برجیش چوٹا اور اتر کنڑا کے رکن پارلیمنٹ وشویشور ہیگڈے کاگیری کا بھی شکریہ ادا کیا ۔

خیال رہے کہ بنگلورو سے کاروار تک وندے بھارت ٹرین کے سفر کے دورانیہ کو کم کرنے کے مقصد  منگلورو سینٹرل اسٹیشن پر رکنے یا نہ رکنے کا معاملہ بڑی مدت تک زیر بحث رہا ۔ اتر کنڑا کے زیادہ تر مسافروں کا موقف  تھا کہ ٹرین کاروار پہنچنے کا وقت کم کرنے کے لئے منگلورو سینٹرل اسٹیشن کو نظر انداز کرکے آگے بڑھنا چاہیے ۔ دوسری طرف منگلورو سے تعلق رکھنے والے مسافروں کا اصرار تھا کہ بنگلورو مڈگاوں وندے بھارت کی سروس منگلورو کے لئے دستیاب رہنی چاہیے ۔ بالآخر محکمہ ریلوے نے پڈیل سے کاروار اور مڈگاوں کی طرف سے آگے بڑھنے سے پہلے منگلورو سینٹرل پر ٹرین روکنے کا فیصلہ کیا ہے ۔

ریلوے سیوا سمیتی اتر کنڑا کے سیکریٹری راجیو گاونکر نے اڈپی ایم پی کوٹا سرینواس بجاری اور کینرا ایم اپی وشویشورا ہیگڑے کاگیری کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ بالآخر ضلع اتر کنڑا کو وندے بھارت سروس مہیا ہوگئی ہے ۔

وندے بھارت ٹرین کی یہ جو نئی سروس ہے اس کے تعلق سے ریلوے حکام نے بتایا ہے کہ بنگلورو سے یہ ٹرین صبح 7 بجے نکلے گی اور شام 7 تا 8 بجے کے دوران کاروار پہنچے گی  اور پھر وہاں سے مڈگاوں تک جا کر اس کا سفر ختم ہوگا ۔  اس طرح اس ٹرین کو کاروار کے لئے تقریباً 12  گھنٹے اور مڈگاوں پہنچنے کے لئے 13  گھنٹے لگیں گے ۔

اس اقدام کے پس منظر کی تاریخ کا ذکر کرتے ہوئے رکن پارلیمان سرینواس پجاری نے بتایا کہ 2019 میں، اس وقت کے وزیر ریلوے پیوش گوئل نے بنگلورو کے لیے وندے بھارت ٹرین متعارف کرانے کا تصور پیش کیا تھا ۔ لیکن اس وقت سکلیشپور- سبرامنیا گھاٹ سیکشن پر الیکٹریفیکیشن کا کام التوا میں تھا ۔ اس کے انڈین ریلویز کے مکمل الیکٹریفیکیشن پروگرام کے تحت کاروار- منگلورو- بنگلورو کے پورے راستے پر بجلی کی تنصیب کا کام مکمل کر لیا گیا جس سے ’وندے بھارت‘ کا خواب حقیقت کے مزید قریب آ گیا ۔

گزشتہ سال بنگلورو کے دورے کے دوران وزیر ریلوے اشونی ویشنو نے بنگلورو سے منگلورو کے راستے مڈگاؤں تک وندے بھارت ٹرین چلانے کے فیصلے کا اعلان کیا تھا ۔ چونکہ منگلورو اور مڈگاؤں کے درمیان پہلے ہی وندے بھارت سروس چل رہی تھی اس لیے بنگلورو اور منگلورو کے درمیان اس ٹرین کے کئی آزمائشی سفر کیے گئے ۔ پجاری نے کہا کہ ان رکاوٹوں کے دور ہونے کے بعد 13 نومبر کو کرناٹک کے ساحلی خطے کے لیے ’وندے بھارت‘ سروس کا آغاز اس خطے کو بنگلورو سے جوڑ دے گا ۔ 


Share: