ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل : ماہی گیروں کی ایسوسی ایشن نے وزیر منکال وئیدیا کو دیا میمورنڈم - کیروسین کی قیمت کم کرنے کا مطالبہ

بھٹکل : ماہی گیروں کی ایسوسی ایشن نے وزیر منکال وئیدیا کو دیا میمورنڈم - کیروسین کی قیمت کم کرنے کا مطالبہ

Mon, 04 May 2026 19:35:21    S O News
بھٹکل : ماہی گیروں کی ایسوسی ایشن نے وزیر منکال وئیدیا کو دیا میمورنڈم  - کیروسین کی قیمت کم کرنے کا مطالبہ

بھٹکل، 4 / مئی (ایس او نیوز) روایتی طرز کی کشتیوں سے مچھلیوں کا شکار کرنے والے ماہی گیروں کی ریاستی تنظیم نے گزشتہ دو مہینوں سے کیروسین کی قیمت میں ہوئے اچانک اضافے کو کم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے وزیر ماہی گیری اور ضلع انچارج وزیر منکال وئیدیا کو میمورنڈم پیش کیا ۔
    
ریاستی ماہی گیر تنظیم کے وفد نے وزیر  سے ملاقات کرکے کیروسین کی قیمتوں میں ہوئے اضافے کی وجہ سے روایتی طرز کے ماہی گیروں پر ہونے والے منفی اثرات اور درپیش مشکلات سے انہیں آگاہ کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ 2022-23 کے بعد سے ماہی گیروں کو راشن پر کیروسین دینے کا سلسلہ بند کر دیا گیا ہے ۔ اس کے بعد ماہی گیروں کو درپیش مشکلات کے پیش نظر ماہی گیروں کو انڈسٹریل کیروسین فراہم کیا جانے لگا ۔ مگر گزشتہ دو مہینوں سے اس تیل کی قیمت 115 روپے فی لیٹر کر دی گئی ہے ۔ اس کی وجہ سے روایتی طرز کے ماہی گیر بڑی مشکل میں پھنس گئے ہیں ۔ 
    
وفد نے وزیر موصوف سے مطالبہ کیا  کہ کیروسین کی قیمت میں کمی لانے کے لئے فوری اقدام کرتے ہوئے ماہی گیروں کو راحت دلائی جائے ورنہ ماہی گیروں کو بڑے مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا ۔ 
    
ماہی گیروں کا احوال سننے کے بعد منکال وئیدیا نے ماہی گیروں کو فراہم کیے جانے والے کیروسین کی قیمت میں اضافے کے لئے مرکزی حکومت کو ذمہ دار قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ راشن پر کیروسین کی فراہمی روکے جانے کے بعد انڈسٹریل کیروسین دینے کا انتظام کیا گیا ہے ۔ ماہی گیروں کو فراہم کیے جانے والے ڈیزل کے لئے 320 کروڑ روپے اور کیروسین کے لئے  40 کروڑ روپے سبسیڈی دی جا رہی ہے ۔ اگر کیروسین کی قیمت مزید کم کرنا ہے تو پھر سبسیڈی کی رقم بھی بڑھانی پڑے گی ۔ اس کے لئے بجٹ میں ہی فنڈ مختص کرنا ہوتا ہے ۔ اس مسئلے کے بارے میں وزیر اعلیٰ کو آگاہ کیا گیا ہے ۔ مجھے امید ہے کہ آنے والے دنوں میں اسے حل کر لیا جائے گا ۔ بس چند دن انتظار کرنے کی ضرورت ہے ۔ 
    
ماہی گیروں کی درخواست پر وزیر منکال وئیدیا نے اس مسئلے پر گفتگو کرنے کے لئے 16 مئی کے بعد ساحلی علاقے کے اراکین پارلیمان کے ساتھ میٹنگ منعقد کرنے کی حامی بھری ۔ انہوں نے کہا کہ کیروسین کی قیمت کم کرنے کے سلسلے میں ریاست کے  اراکین پارلیمان اہم کردار ادا کر سکتے ہیں ۔ اگر یہ اراکین پارلیمان اس کے لئے کوشش کرنا چاہیں گے تو ہماری طرف سے ہر طرح کا تعاون کیا جائے گا ۔ اس میں سیاسی سوچ کا کوئی دخل نہیں ہے ۔ 
    
اس موقع پر روایتی ماہی گیروں کی ریاستی فیڈریشن کے صدر ناگیش کھاروی کے علاوہ یشونت کھاروی، رام کھاروی، رام چندرا ہری کانت، ہریش موگیر، شریدھر موگیر، جینت ہری کانت، داسا موگیر، روہی داس موگیر، ونود موگیر، مادیو موگیر، تمپّا موگیر، پانڈو موگیر، شنکر موگیر اور دیگر لیڈر موجود تھے ۔  


Share: