داونگیرے ، 9/ مئی (ایس او نیوز /ایجنسی)داونگیرے ضلع کے تعلقہ چنگیری میں بسواپٹن کے قریب مربنہلی کے مقام پر جمعہ کی صبح پیش آئے ایک المناک سڑک حادثہ میں کرناٹک اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (کے ایس آر ٹی سی) کی مسافر بس الٹ گئی، جس کے نتیجہ میں ایک طالب علم کی موقع پر ہی موت ہوگئی جبکہ پچاس سے زائد مسافر زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں اسکول اور کالج کے طلبہ کے ساتھ خواتین کی بھی بڑی تعداد شامل بتائی جا رہی ہے۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق بس داونگیرے سے بسواپٹن کی جانب جا رہی تھی کہ صبح تقریباً 9:30 بجے بسواپٹن کے قریب اچانک بس کا ایکسل ٹوٹ گیا، جس کے نتیجہ میں ڈرائیور بس پر قابو نہ رکھ سکا اور بس بے قابو ہوکر الٹ گئی۔
حادثہ اتنا شدید تھا کہ بس میں سوار ایک طالب علم نے موقع پر ہی دم توڑ دیا، جبکہ دو زخمیوں کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔
حادثہ کی اطلاع ملتے ہی مقامی افراد اور پولیس فوری طور پر جائے وقوع پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیاں شروع کیں۔ زخمیوں کو 108 ایمبولنس خدمات اور نجی گاڑیوں کے ذریعے بسواپٹن سرکاری اسپتال اور داونگیرے ضلع اسپتال منتقل کیا گیا۔
حادثہ کے بعد جائے وقوع پر لوگوں کی بڑی تعداد جمع ہوگئی، جبکہ پولیس نے ٹریفک کو قابو میں رکھتے ہوئے راحت اور بچاؤ کارروائیوں میں حصہ لیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے حادثہ کی تحقیقات شروع کردی ہے۔