نئی دہلی، 12/ اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی )دہلی میں گیانیش کمار کے خلاف احتجاج کو روکنے کیلئے تعینات کئے گئے سی آر پی ایف جوانوں پر سی پی ایم کے راجیہ سبھا کے رکن جان برٹاس کو پولیس وین میں زدوکوب کرنےاور زخمی ہونے کے بعد اسپتال پہنچانے کے بجائے سڑک کنارے اتار کر چلے جانے کا الزام عائد ہوا ہے۔
انہیں اس وقت حراست میں لیاگیا جب وہ میڈیا سے بات کررہے تھے۔ سی پی ایم نے الزام لگایا کہ سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے جوانوں نے ان کے ساتھ مارپیٹ کی۔برٹاس نے میڈیا کو بتایا کہ پولیس کی گاڑی میں اہلکاروں نے ان پر حملہ کیا اور بعد میں انہیں سڑک کے کنارے چھوڑ دیا۔ ویڈیو فوٹیج میں سی آر پی ایف کے اہلکاروں کو انہیں گھسیٹ کر لے جاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ اس دوران وہ بار بار کہتے رہے کہ وہ رکن پارلیمنٹ ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ’’میں نے انہیں بتایا کہ میں رکن پارلیمنٹ ہوں، اس کے باوجود سی آر پی ایف کے اہلکار مجھ پر حملہ کرتے رہے۔ انہوں نے مجھے سیٹ پر دبا دیا اور میرا گلا گھونٹنے کی کوشش کی۔ اس ملک میں ایک رکن پارلیمنٹ کی یہ حالت ہے۔ دہلی پولیس جو بھی کرے، ہم آخری سانس تک اس جدوجہد میں شامل رہیں گے۔‘‘
ایس ایف آئی کے صدر آدرش ایم ساجی ، تنظیم کے دیگر کئی لیڈروں اور کارکنوں نے بھی پولیس پر تشدد کا الزام لگایا ہے۔ ایس ایف آئی نے ساجی اور دیگر کارکنوں کی تصویریں اور ویڈیو شیئر کئے ہیں جن میں وہ پولیس وین میں زخمی نظر آرہے ہیں۔سی پی آئی (ایم) کی جانب سے شیئر کئے گئے ویڈیو میں راجیہ سبھا رکن جان برٹاس کو زخمی حالت میں پولیس وین سے اُترتے اور ایک آٹو رکشا میں بیٹھتے ہوئے دیکھے جاسکتے ہیں۔ ایک پولیس اہلکار نے بس سے اترنے میں اور سادی کپڑوں میں ملبوس ایک شخص نے آٹو میں بیٹھنے میں ان کی مدد کی۔