ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / عالمی خبریں / بنگلہ دیش کے ساحلی ریسارٹ میں ہولناک آتشزدگی، 10 سیاح ہلاک

بنگلہ دیش کے ساحلی ریسارٹ میں ہولناک آتشزدگی، 10 سیاح ہلاک

Sat, 17 Oct 2026 16:56:56    S O News
بنگلہ دیش کے ساحلی ریسارٹ میں ہولناک آتشزدگی، 10 سیاح ہلاک

کاکس بازار 17 اکتوبر (ایس او نیوز): بنگلہ دیش کے مشہور سیاحتی مقام کاکس بازار کے قریب ایک لکڑی سے تعمیر شدہ ریسارٹ میں ہفتہ کی صبح بھیانک آگ لگنے سے کم از کم 10 افراد ہلاک ہوگئے، جبکہ متعدد دیگر زخمی ہوئے ہیں۔ جاں بحق ہونے والوں میں ایک پانچ سالہ بچہ بھی شامل ہے۔ مقامی حکام کے مطابق آگ نے تین منزلہ عمارت کو تیزی سے اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس کے نتیجے میں وہاں قیام کرنے والے سیاحوں کو نکلنے کا موقع نہیں مل سکا۔

یہ حادثہ بنگلہ دیش کے جنوب مشرقی ساحلی ضلع کاکس بازار کے علاقے انانی میں واقع ٹپ ٹپ ریسٹو اینڈ ریسارٹ (Tuptup Resto & Resort) میں پیش آیا۔ یہ ریسارٹ اُکھیا کے پٹوارٹیک ساحلی علاقے میں میرین ڈرائیو کے قریب واقع تھا، جہاں بڑی تعداد میں مقامی سیاح تفریح اور قیام کے لیے پہنچتے ہیں۔

مقامی افراد کے مطابق آگ ہفتہ 17 اکتوبر کی صبح تقریباً 7:30 بجے لگی۔ آگ لکڑی سے بنی تین منزلہ عمارت میں تیزی سے پھیل گئی اور کچھ ہی دیر میں ریسارٹ کا بڑا حصہ جل کر تباہ ہوگیا۔ 

بنگلہ دیشی اخبار پروتھوم آلو اور دیگر میڈیا رپورٹس کے مطابق دوپہر تک جائے حادثہ سے 10 لاشیں برآمد کی جاچکی تھیں۔ حکام نے خدشہ ظاہر کیا کہ ملبے اور جلے ہوئے حصوں کی تلاشی کے دوران مزید متاثرین کا پتہ چل سکتا ہے۔ ہلاک ہونے والے تمام افراد کے سیاح ہونے کا ابتدائی اندازہ ظاہر کیا گیا ہے۔

ابتدائی طور پر جن چھ افراد کی شناخت کی گئی، ان میں ڈھاکہ کے باناسری علاقے کی 30 سالہ عشرت جہاں ملیحہ اور 23 سالہ ملیتہ مہ جبین علوی، خِل گاؤں کی 27 سالہ لیلیٰ جہاں نبیلہ اور 27 سالہ نفیسہ میم، چواڈانگا کی 33 سالہ فریحہ کبیر اور پانچ سالہ فیضان احمد شامل ہیں۔ دیگر چار لاشیں بری طرح جھلس جانے کے باعث ناقابل شناخت تھیں۔ اُکھیا کی انتظامی افسر پنا اختر کے مطابق ان کی شناخت کے لیے ڈی این اے ٹیسٹ کیے جائیں گے۔

زخمیوں کی تعداد کے بارے میں میڈیا رپورٹ کے مطابق چھ زخمیوں کے کاکس بازار صدر اسپتال میں زیر علاج ہونے کی اطلاع دی، جبکہ ایسوسی ایٹڈ پریس نے چار اور اناطولو ایجنسی نے نو زخمیوں کی اطلاع دی۔ زخمیوں کو ابتدائی طور پر اُکھیا کے صحت مرکز لے جایا گیا، جس کے بعد بعض کو کاکس بازار صدر اسپتال منتقل کیا گیا۔

ریسارٹ کے ذمہ دار شخص سمن نے بتایا کہ آگ بجلی کے شارٹ سرکٹ سے شروع ہوئی۔ ایئر کنڈیشنر اور گیس سلنڈر میں دھماکوں کے بعد آگ مزید پھیل گئی۔


Share: