نئی دہلی ، 26/ نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی)ملک میں مہنگائی کا اثر اب عام آدمی کی رسوئی پر صاف نظر آنے لگا ہے۔ گزشتہ ایک سال میں کئی ضروری غذائی اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ پیاز کی قیمت تقریباً دوگنی ہو گئی ہے اور چینی 31 فیصد مہنگی ہوئی ہے۔ سرسوں، سویا اور سورج مکھی کے تیل کی قیمتوں میں بھی تقریباً 15 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ مرکزی حکومت کے 24 نومبر 2025 اور 24 نومبر 2026 کے اعداد و شمار کے مطابق پیاز کی اوسط خوردہ قیمت 26.95 روپے سے بڑھ کر 53.38 روپے فی کلوگرام ہو گئی ہے۔ یعنی ایک سال کے اندر اس کی قیمت میں 98.07 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ دوسری جانب، آلو اور ٹماٹر کی قیمتوں میں کمی آئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ایک سال کے اندر پیاز کی قیمتوں میں سب سے زیادہ اضافہ ہوا ہے۔ 24 نومبر 2025 کو پیاز کی اوسط خوردہ قیمت 26.95 روپے فی کلوگرام تھی۔ 24 نومبر 2026 کو یہ بڑھ کر 53.38 روپے ہو گئی۔ چینی کی قیمت بھی 46.60 روپے سے بڑھ کر 61.06 روپے فی کلوگرام پہنچ گئی۔ اس طرح اس کی قیمت میں 31.03 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ چاول کی قیمت 43.34 روپے سے بڑھ کر 48.25 روپے فی کلوگرام ہو گئی۔ اس میں 11.33 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ گیہوں اور آٹے کی قیمتوں میں بھی معمولی اضافہ درج کیا گیا ہے۔
خوردنی تیلوں کی قیمتوں میں بھی گزشتہ ایک سال کے دوران اضافہ ہوا ہے۔ مرکزی حکومت کے محکمہ خوراک و عوامی تقسیم کے اعداد و شمار کے مطابق سرسوں کے تیل کی اوسط خوردہ قیمت 186.54 روپے سے بڑھ کر 215.30 روپے فی کلوگرام ہو گئی ہے۔ یعنی ایک کلوگرام سرسوں کا تیل 28.76 روپے مہنگا ہوا ہے۔ سویا تیل کی قیمت 146.63 روپے سے بڑھ کر 169.45 روپے فی کلوگرام پہنچ گئی۔ اس میں 15.56 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ سورج مکھی کے تیل کی قیمت بھی 165.05 روپے سے بڑھ کر 190.55 روپے فی کلوگرام ہو گئی ہے۔ مونگ پھلی کے تیل کی قیمت 187.78 روپے سے بڑھ کر 210.86 روپے فی کلوگرام پہنچ گئی ہے۔ پام آئل 132.97 روپے سے بڑھ کر 151.44 روپے فی کلوگرام ہو گیا ہے۔
واضح رہے کہ خوردنی تیلوں کی قیمتوں میں اضافہ صرف خوردہ بازار تک محدود نہیں ہے۔ تھوک بازار میں بھی گزشتہ ایک سال کے دوران ان کے قیمت میں اضافہ ہوا ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق سرسوں کے تیل کی تھوک قیمت میں 15.85 فیصد اور سویا تیل میں 15.95 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ سورج مکھی کا تیل 15.70 فیصد اور پام آئل 13.91 فیصد مہنگا ہوا ہے۔ ایک ماہ کے اعداد و شمار پر نظر ڈالیں تو سرسوں کے تیل کی خوردہ قیمت میں سب سے زیادہ 4.42 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ حالانکہ اسی دوران سورج مکھی کا تیل 0.22 فیصد اور پام آئل 1.23 فیصد سستا بھی ہوا ہے۔
دالوں کی قیمتوں میں بھی گزشتہ ایک سال کے دوران اضافہ ہوا ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق چنے کی دال کی خوردہ قیمت 86.85 روپے سے بڑھ کر 96.13 روپے فی کلوگرام ہو گئی ہے، یعنی اس میں 10 فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا ہے۔ ارہر کی دال کی قیمت 115 روپے سے بڑھ کر 136 روپے فی کلوگرام پہنچ گئی ہے۔ اس طرح ایک سال میں اس کی قیمت میں تقریباً 18 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ مسور کی دال کی قیمتوں میں بھی 15 فیصد سے زیادہ کا اضافہ بتایا گیا ہے۔
مہنگائی کے درمیان آلو اور ٹماٹر کی قیمتوں میں کمی درج کی گئی ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق آلو کی اوسط خوردہ قیمت 27.07 روپے سے گھٹ کر 23.40 روپے فی کلوگرام رہ گئی ہے، یعنی اس کی قیمت میں 13.56 فیصد کمی ہوئی ہے۔ ٹماٹر کی قیمت بھی 51.12 روپے سے گھٹ کر 38.55 روپے فی کلوگرام ہو گئی ہے۔ اس میں 24.59 فیصد کمی آئی ہے۔ اس طرح پیاز کی بڑھتی قیمتوں کے درمیان آلو اور ٹماٹر نے صارفین کو کچھ راحت دی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافے کے پیچھے کمزور مانسون، فصلوں پر اثر، کسانوں کی بڑھتی لاگت اور مویشیوں کے چارے کی مہنگائی جیسے عوامل بتائے جا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ بین الاقوامی بازار میں خام تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ اور مغربی ایشیا میں کشیدگی کا اثر بھی گھریلو بازار پر پڑ سکتا ہے۔ ہندوستان اپنی ضرورت کا نصف سے زیادہ خوردنی تیل درآمد کرتا ہے۔ ایسے میں بین الاقوامی بازار میں قیمتیں بڑھنے کا اثر ملک میں بھی نظر آتا ہے۔ مجموعی طور پر پیاز، چینی، دال اور خوردنی تیل جیسی اشیاء کی بڑھتی قیمتوں نے رسوئی کا بجٹ بڑھا دیا ہے۔ آلو اور ٹماٹر سستے ضرور ہوئے ہیں لیکن دیگر ضروری اشیاء کی مہنگائی سے عام آدمی پر اخراجات کا دباؤ برقرار ہے۔