تل ابیب،14/ جون (ایس او نیوز /ایجنسی )لبنان کے سرکاری میڈیا کے مطابق قابض اسرائیل کے جنگی طیاروں نے سنیچر کے روز جنوبی لبنان کے ۲۰؍ قصبوں اور دیہاتوں کو نشانہ بناتے ہوئے فضائی بمباری کی ہے، جس سے قبل ان پرامن علاقوں کو زبردستی خالی کرنے کا حکم جاری کیا گیا تھا۔
جنوبی لبنان پر اسرائیل کی مسلسل بمباری کے نتیجے میں ایک میئر سمیت ۴؍ افراد جاں بحق ہوگئے۔ لبنانی سرکاری خبررساں ایجنسی کے مطابق اسرائیلی فوج نے ضلع جیزین کی الریحان اور کفرہنہ میونسپلٹیز کو ڈرون حملوں کا نشانہ بنایا، جس میں الریحان میونسپلٹی کے میئر بھی جاں بحق ہو گئے۔
اسرائیلی فوج کے عربی زبان کے ترجمان اویخائی ادرعی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ کے ذریعے ۲۰؍ دیہاتوں اور قصبوں کے رہائشیوں کو ایک فوری وارننگ جاری کرتے ہوئے انہیں اپنے گھر بار چھوڑ کر سرحد سے تقریباً ۴۰؍ کلومیٹر دور واقع الزہرانی کے شمالی علاقے کی طرف نکل جانے کا حکم دیا۔
صہیونی ترجمان نے مزید دعویٰ کیا کہ حزب اللہ جنگ بندی کے معاہدے کی خلاف ورزی کر رہی ہے اور اسرائیلی فوج اس کے خلاف پوری قوت سے کارروائی کر رہی ہے۔
لبنانی نیوز ایجنسی کے مطابق اسرائیل کے جنگی طیاروں نے گزشتہ رات ضلع النبطیہ کے قصبے دیر الزہرانی پر ۳؍ ہولناک فضائی حملے کیے۔
یہ تمام تر کارروائیاں جنوبی لبنان کے ۲۰؍ قصبوں اور دیہاتوں کے رہائشیوں کو اسرائیل کی طرف سے ملنے والی فوری دھمکی کے عین وقت پر ہوئی ہیں، جہاں اسرائیلی فوج نے نہتے شہریوں کو ہجرت پر مجبور کر دیا۔