ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / بنگلورو: کے سی جنرل اسپتال میں لاعلاج مریضوں کے لیے پالی ایٹو کیئر یونٹ کا افتتاح

بنگلورو: کے سی جنرل اسپتال میں لاعلاج مریضوں کے لیے پالی ایٹو کیئر یونٹ کا افتتاح

Wed, 06 May 2026 12:23:32    S O News
بنگلورو: کے سی جنرل اسپتال میں لاعلاج مریضوں کے لیے پالی ایٹو کیئر یونٹ کا افتتاح

بنگلورو، 6/ اپریل (ایس او نیوز /ایجنسی) وزیر صحت و خاندانی بہبود دنیش گنڈو راؤ نے ملّیشورم میں واقع کے سی جنرل اسپتال میں پالی ایٹو کیئر یونٹ کا افتتاح کیا۔ یہ یونٹ سرنم انڈیا ادارے کے تعاون سے قائم کیا گیا ہے، جس کا مقصد شدید اور لاعلاج بیماریوں میں مبتلا مریضوں کو راحت اور نگہداشت فراہم کرنا ہے۔

افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر صحت نے کہا کہ پالی ایٹو کیئر کا مقصد بیماری کا علاج نہیں بلکہ ایسے مریضوں کی جسمانی تکلیف اور ذہنی دباؤ کو کم کرنا ہے جو علاج کے آخری مراحل میں ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ سہولت نہ صرف مریضوں بلکہ ان کے اہلِ خانہ کے لیے بھی ایک بڑی مدد ثابت ہوگی۔

انہوں نے بتایا کہ ابتدائی مرحلے میں پانچ بستروں پر مشتمل ایک خصوصی وارڈ قائم کیا گیا ہے، جہاں کینسر، گردوں کی خرابی اور دیگر سنگین امراض میں مبتلا مریضوں کو سہولت فراہم کی جائے گی۔

اس یونٹ میں شدید درد، سانس کی تکلیف، اعصابی بیماریوں اور ذہنی مسائل سے متاثرہ افراد کی خصوصی نگہداشت کی جائے گی۔

وزیر صحت نے مزید کہا کہ اس مرکز میں ماہرین کی ٹیم کے ذریعے او پی ڈی، ڈے کیئر خدمات، اندرونِ وارڈ علاج کے ساتھ ساتھ موبائل یونٹ بھی فراہم کیا جائے گا، جو اسپتال کے 5 سے 8 کلومیٹر کے دائرے میں مریضوں کے گھروں تک جا کر خدمات انجام دے گا اور اہلِ خانہ کو نگہداشت کی تربیت بھی فراہم کرے گا۔

انہوں نے اس موقع پر اعلان کیا کہ ریاست بھر میں پالی ایٹو کیئر مراکز کے قیام کا منصوبہ بنایا گیا ہے اور بنگلورو کے مختلف علاقوں میں پہلے ہی اس نوعیت کے چند مراکز قائم کیے جا چکے ہیں۔

تقریب میں اسپتال کے سینئر ڈاکٹرس، سرنم انڈیا کے نمائندگان اور دیگر معززین بھی موجود تھے۔ وزیر صحت نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس انسانی ہمدردی پر مبنی سہولت سے بھرپور استفادہ کریں۔


Share: