ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / کولکاتا درگا پوجا بھگدڑ میں 19 ہلاکتوں کے بعد وِسرجن کے لیے سخت حفاظتی انتظامات، 18 آئی پی ایس افسران تعینات

کولکاتا درگا پوجا بھگدڑ میں 19 ہلاکتوں کے بعد وِسرجن کے لیے سخت حفاظتی انتظامات، 18 آئی پی ایس افسران تعینات

Wed, 21 Oct 2026 12:15:15    S O News

کولکاتا، 21/ اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی) مغربی بنگال کی راجدھانی کولکاتا واقع چور باغان میں ’سروجنین درگا پوجا‘ کے پنڈال میں مہاسپتمی (17 اکتوبر) کی شام ہوئی بھگدڑ میں 19 لوگوں کی موت کے بعد حکومت اور پولیس نے درگا پوجا وِسرجن کے لیے پختہ سیکورٹی انتظامات کیے ہیں۔ ریاستی پولیس ہیڈکوارٹر نے بتایا کہ ریاست کے 4 اہم شہروں میں ’وِسرجن‘ کے عمل کی براہ راست نگرانی کے لیے 18 آئی پی ایس افسران کو تعینات کیا گیا ہے۔ کولکاتا پولیس کمشنریٹ میں مستعد سیکورٹی انتظام اور بھیڑ مینجمنٹ کے لیے 12 آئی پی ایس افسران کی تعیناتی ہوئی ہے۔

انتظامیہ نے 21 اکتوبر (وجئے دشمی) سے 24 اکتوبر تک چلنے والے 4 روزہ ’وِسرجن‘ کے لیے آئی پی ایس افسران کی روسٹر ڈیوٹی مقرر کی ہے۔ یہ قدم اٹھایا گیا ہے تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے۔ دی گئی جانکاری کے مطابق 21 اور 23 اکتوبر کو گورو شرما، سوما داس مترا، رشید منیر خان، آکاش مگریا، سریش کمار چاڈیوے اور دھرتیمان سرکار ’وِسرجن‘ کی نگرانی کریں گے۔ اسی طرح 22 اور 24 اکتوبر کو پروین کمار ترپاٹھی، عمران وہاب، شیش رام جھاجھریا، سومیہ رائے، پاریجات وشواس اور سدھارتھ دھاپولا کولکاتا کے گھاٹوں اور جلوس والے راستوں کی کمان سنبھالیں گے۔

موصولہ اطلاع کے مطابق ہاوڑہ میں 21 اور 23 اکتوبر کو اندر چکرورتی، جبکہ 22 اور 24 اکتوبر کو اوارو رویندرناتھ کی ڈیوٹی لگائی گئی ہے۔ اسی طرح بیرک پور میں پلاش چندر ڈھالی اور دیوتیمان بھٹاچاریہ کے علاوہ چندن نگر میں ابھجیت بنرجی اور سندیپ منڈل کی تعیناتی ہوئی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ 17 اکتوبر کو چور باغان سروجنین پنڈال میں ہوئی بھگدڑ میں 19 عقیدتمندوں کی جان چلی گئی تھی۔ اس حادثہ میں تقریباً 25 افراد زخمی بھی ہوئے تھے۔ ابتدائی جانچ میں پتہ چلا ہے کہ موسلادھار بارش کے درمیان پنڈال کا ایک حصہ گرنے کی افواہ سے افرا تفری مچ گئی تھی۔ کولکاتا پولیس کی خصوصی جانچ ٹیم (ایس آئی ٹی) نے اس واقعہ کی گہرائی کے ساتھ جانچ شروع کر دی ہے۔ اس معاملہ میں اب تک 7 ملزمین کو گرفتار بھی کیا جا چکا ہے۔ انھیں عدالت نے پولیس حراست میں بھیج دیا ہے۔


Share: