ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / وجے دشمی پر فلیگ مارچ کے لیے آر ایس ایس کو باضابطہ اجازت لینے کی پریانک کھرگے کی ہدایت

وجے دشمی پر فلیگ مارچ کے لیے آر ایس ایس کو باضابطہ اجازت لینے کی پریانک کھرگے کی ہدایت

Wed, 21 Oct 2026 12:10:38    S O News

بنگلورو ، 21/ اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی)پریانک کھرگے نے سوشل میڈیا پر بنگلورو میں آر ایس ایس کارکنوں کی جانب سے پولیس اسٹیشن کو دیے گئے ایک مکتوب کو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ محض پولیس کو اطلاع دینا یا محکمہ داخلہ سے تعاون اور ضروری انتظامات کی درخواست کرنا، باضابطہ اجازت کے مترادف نہیں ہے۔ انہوں نے تنظیم سے کہا کہ دیگر تمام تنظیموں پر لاگو مقررہ طریقۂ کار کے مطابق درخواست دی جائے، ضروری تفصیلات فراہم کی جائیں اور مجاز حکام کی منظوری کا انتظار کیا جائے۔

اپنی پوسٹ میں وزیر داخلہ نے آر ایس ایس کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کا مقصد تہوار کے جوش و خروش کو متاثر کرنا نہیں، بلکہ ضابطوں کی پابندی کی یاد دہانی کرانا ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ بڑے پیمانے پر جلوسوں کے انعقاد کے لیے پولیس کو پہلے سے تیاری کرنا پڑتی ہے، جس میں اہلکاروں کی تعیناتی، ٹریفک کا انتظام، سلامتی، آمدورفت اور دیگر ضروری انتظامات شامل ہیں۔ ان کے مطابق، ان تمام امور کے لیے منصوبہ بندی، افرادی قوت اور سرکاری وسائل درکار ہوتے ہیں۔

پریانک کھرگے نے آر ایس ایس کی سالانہ رپورٹ 2025-26 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ تنظیم کی آل انڈیا پرتی ندھی سبھا کی رپورٹ کے مطابق، کرناٹک میں 2,21,963 وردی پوش کارکنوں کی شرکت کے ساتھ 562 فلیگ مارچ منعقد کیے گئے تھے۔ انہوں نے اسی تناظر میں کہا کہ اگر بڑی تعداد میں لوگ ایک ہی دن اور ایک ہی وقت میں ریاست کی سڑکوں پر جلوس نکالنے کا ارادہ رکھتے ہیں تو پولیس اور انتظامیہ کے لیے مناسب انتظامات کرنا ضروری ہوجاتا ہے۔

وزیر داخلہ نے زور دیا کہ جلوس کے انعقاد سے قبل مقررہ درخواست فارم پُر کرکے تمام مطلوبہ تفصیلات فراہم کی جائیں اور مجاز حکام کی باضابطہ منظوری حاصل کی جائے۔


Share: