ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / ہماچل میں الکا لامبا کا سوال: خواتین ریزرویشن قانون منظور ہونے کے باوجود نافذ کیوں نہیں کیا جا رہا؟ مودی حکومت سے جواب طلب

ہماچل میں الکا لامبا کا سوال: خواتین ریزرویشن قانون منظور ہونے کے باوجود نافذ کیوں نہیں کیا جا رہا؟ مودی حکومت سے جواب طلب

Wed, 06 May 2026 12:00:56    S O News
ہماچل میں الکا لامبا کا سوال: خواتین ریزرویشن قانون منظور ہونے کے باوجود نافذ کیوں نہیں کیا جا رہا؟ مودی حکومت سے جواب طلب

نئی دہلی  ، 6/ اپریل (ایس او نیوز /ایجنسی)مہیلا کانگریس کی قومی صدر الکا لامبا ہماچل کے دورے پر شملہ پہنچی ہیں۔ یہاں انہوں نے مہیلا کانگریس کے ساتھ میٹنگ کی۔ اس کے بعد پریس کانفرنس میں الکا لامبا نے خواتین ریزرویشن بل کو لے کر مرکزی حکومت پر شدید حملہ بولا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ سے بل پاس ہونے کے باوجود اسے نافذ کرنے میں جان بوجھ کر تاخیر کی جا رہی ہے، جس کی وجہ سے ملک کی خواتین کو ان کا حق نہیں مل پا رہا ہے۔ الکا لامبا نے سوال اٹھایا کہ جب 33 فیصد خواتین ریزرویشن کا قانون بن چکا ہے، تو اسے نافذ کیوں نہیں کیا جا رہا؟ انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکومت خواتین کی خودمختاری کے معاملے پر صرف سیاست کر رہی ہے اور اصل فائدہ پہنچانے سے بچ رہی ہے۔

کانگریس لیڈر الکا لامبا نے کہا کہ خواتین ریزرویشن کا مقصد صرف نمائندگی بڑھانا نہیں بلکہ خواتین کو فیصلہ سازی کے عمل میں مضبوط شرکت داری فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ مرکزی حکومت فوری طور پر مردم شماری اور حد بندی کا عمل مکمل کر کے بل کو نافذ کرے تاکہ خواتین کو ان کا آئینی حق مل سکے۔ خواتین ریزرویشن سے متعلق قانون (ناری شکتی وندن ادھینیم) کے تحت لوک سبھا اور اسمبلیوں میں 33 فیصد سیٹیں خواتین کے لیے مخصوص کرنے کا التزام کیا گیا ہے، لیکن مودی حکومت نے اس کے نفاذ کو مردم شماری اور حلقہ بندی سے جوڑ دیا ہے۔

الکا لامبا کا کہنا ہے کہ خواتین ریزرویشن کو نافذ کروانے کے لیے مہیلا کانگریس ملک بھر سے 10 لاکھ پوسٹ کارڈ وزیر اعظم مودی کو بھیجے گی۔ اس کے ساتھ ہی ’چلو پارلیمنٹ‘ کے نعرے کے ساتھ مہیلا کانگریس جولائی کے پارلیمانی اجلاس کے دوران خواتین ریزرویشن کا مطالبہ پرزور طور پر اٹھائے گی۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا ہے کہ اگر مرکزی حکومت خواتین ریزرویشن کو نافذ نہیں کرتی ہے تب بھی کانگریس پارٹی ہماچل کے آنے والے اسمبلی انتخاب اور لوک سبھا انتخاب میں خواتین کو 33 فیصد ریزرویشن دے گی۔ اس حوالے سے ہماچل میں ابھی سے تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔ کانگریس پارٹی پہلے ہی اپنی تنظیم میں 40 فیصد ریزرویشن نافذ کر چکی ہے۔

مہنگائی کے متعلق الکا لامبا نے کہا کہ پورے ملک میں احتجاجی تحریک چلائی جائے گی۔ سلنڈر مل نہیں رہے ہیں، جیسے ہی 5 ریاستوں کے انتخابات ختم ہوئے، کمرشیل سلنڈر کی قیمت میں ایک ہزار روپے کا اضافہ کر دیا گیا۔ پٹرول اور ڈیزل پہلے ہی سنچری مکمل کر چکے ہیں۔ ہماچل میں کانگریس کی جانب سے خواتین کو 1500 روپے دینے کی گارنٹی کے سوال پر الکا لامبا نے کہا کہ ہماچل حکومت نے قبائلی علاقوں کی خواتین کو 1500 روپے دے دیے ہیں، ریاست کی دیگر خواتین کو بھی جلد دیں گے۔

کانگریس کی خاتون لیڈر نے الزام عائد کیا کہ مودی حکومت ایس آئی آر کے ذریعے لاکھوں ووٹ کاٹ رہی ہے۔ بی جے پی الیکشن کمیشن، ای ڈی اور سی بی آئی کو اپنے مخالفین کے خلاف استعمال کر رہی ہے۔ ای وی ایم پر سوال اٹھاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صرف ای وی ایم میں ہی نقص نہیں ہے، بلکہ ایس آئی آر کرا کر بی جے پی اقتدار پر قبضہ کر رہی ہے۔ ووٹر لسٹ فراہم نہیں کی جاتیں۔ ہریانہ، بہار اور اب مغربی بنگال میں ووٹر لسٹ میں دھاندلی کر کے بی جے پی دولت اور طاقت کے زور پر جیت رہی ہے۔


Share: