ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل میں 4 دسمبر سے لائن پارٹی کی گولڈن جوبلی تقریبات کا آغاز؛ کرکٹ ٹورنامنٹ، تعلیمی ایوارڈ، حفاظ پروگرام اور میڈیکل کیمپ سمیت مختلف پروگراموں کا انعقاد

بھٹکل میں 4 دسمبر سے لائن پارٹی کی گولڈن جوبلی تقریبات کا آغاز؛ کرکٹ ٹورنامنٹ، تعلیمی ایوارڈ، حفاظ پروگرام اور میڈیکل کیمپ سمیت مختلف پروگراموں کا انعقاد

Fri, 27 Nov 2026 16:55:32    S O News
بھٹکل میں 4 دسمبر سے لائن پارٹی کی گولڈن جوبلی تقریبات کا آغاز؛ کرکٹ ٹورنامنٹ، تعلیمی ایوارڈ، حفاظ پروگرام اور میڈیکل کیمپ سمیت مختلف پروگراموں کا انعقاد

بھٹکل 27 نومبر (ایس او نیوز): 1977 سے منظم طور پر قائم لائن اسپورٹس سینٹر (لائن پارٹی) قومی، سماجی، تعلیمی اور فلاحی سرگرمیوں کے ساتھ کھیلوں کے میدان میں بھی اپنی ایک منفرد شناخت رکھتا ہے۔ کبڈی، کرکٹ اور دیگر کھیلوں میں نمایاں کارکردگی کے ذریعے شہر بھر میں اپنی دھاک جمانے والا یہ سینٹر اپنے قیام کے 50 سال مکمل ہونے پر 4 دسمبر سے گولڈن جوبلی تقریبات کا آغاز کرنے جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں کرکٹ ٹورنامنٹ، تعلیمی ایوارڈ تقریب، حفاظ پروگرام اور میڈیکل کیمپ سمیت مختلف پروگرام منعقد کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔

گولڈن جوبلی تقریبات کا افتتاح 4 دسمبر کو شام 4 بجے نوائط کالونی کے وائی ایم ایس اے میدان میں ہوگا۔ اس کے اگلے روز تعلقہ سطح کے کرکٹ ٹورنامنٹ کا آغاز ہوگا، جس میں بھٹکل کی 33 ٹیمیں حصہ لیں گی۔ ایک ماہ تک جاری رہنے والے اس ٹورنامنٹ کے علاوہ جنوری 2027 سے پورے سال مختلف پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔

ان تقریبات کے ذریعے لائن پارٹی گزشتہ پانچ دہائیوں کے دوران انجام دی گئی اپنی سماجی و فلاحی خدمات، کھیلوں کے میدان میں حاصل کی گئی کامیابیوں اور دینی و عصری تعلیمی شعبوں میں اپنی سرگرمیوں اور نمایاں کارناموں کو عوام کے سامنے پیش کرے گی۔ اس کے ساتھ لائن پارٹی سے وابستہ نوجوانوں کی صلاحیتوں اور قوم و ملت کے لیے ان کی خدمات کو بھی اجاگر کیا جائے گا۔

لائن پارٹی کے نائب صدر محمد مشتاق محتشم (منڈے) کی صدارت میں منعقدہ پریس کانفرنس میں تنظیم کے سرگرم رکن ارشاد گوائی نے گولڈن جوبلی پروگراموں کی تفصیلات پیش کیں۔ اس موقع پر سکریٹری عرفات عسکری نے بتایا کہ تقریبات کا مقصد پارٹی کی پچاس سالہ تاریخ، کارکردگی اور خدمات کو عوام کے سامنے لانے کے ساتھ نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کرنا بھی ہے۔ گولڈن جوبلی تقریبات کے کنوینر محمد حسین عسکری نے عوام الناس سے اپیل کی کہ وہ تمام پروگراموں میں شرکت کرکے تقریبات کو کامیاب بنائیں۔ لائن پارٹی کے سرگرم رکن نعیم موٹیا، ذوالقرنین آرمار اور ابرار مُلّا سمیت دیگر ذمہ داران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

Click here for report in English


Share: