بھٹکل 27/نومبر (ایس او نیوز) : بھٹکل کے وینکٹاپور میں نیشنل ہائی وے کے کنارے واقع میدان میں جمعہ کی سہ پہر 3:30 بجے تین روزہ ریاستی سطح کے ’گنڈابھیروُنڈا کبڈی ٹورنامنٹ‘ کا شاندار آغاز ہوگیا۔ پہلے ہی میچ میں زبردست سنسنی دیکھنے کو ملی، جہاں شموگہ نے آخری لمحات میں چکمگلورو کے رائیڈر کو دبوچ کر ہاری ہوئی بازی پلٹ دی اور محض ایک پوائنٹ سے کامیابی حاصل کی۔
رپورٹ لکھے جانے تک چار مقابلے مکمل ہوچکے تھے۔ دوسرے میچ میں ہاویری نے وجئے نگر کو، تیسرے میچ میں بلاری نے چترادرگہ کو، جبکہ چوتھے میچ میں اُڈپی نے داونگیرے کو آسانی سے شکست دی۔
رات دیر گئے تک جاری رہنے والے ٹورنامنٹ میں دکشن کنڑا کا شموگہ، اُتر کنڑا کا ہاویری، چکمگلورو کا چترادرگہ، وجئے نگر کا اُڈپی اور دکشن کنڑا کا بلاری سے مقابلہ ہونا باقی تھا۔ دن کا آخری میچ اُتر کنڑا اور داونگیرے کے درمیان کھیلا جانا تھا۔
ٹورنامنٹ کی باضابطہ افتتاحی تقریب جمعہ کی رات 8:30 بجے منعقد ہوگی، جبکہ فائنل مقابلہ اتوار 29 نومبر کو کھیلا جائے گا۔