ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / مہنگائی میں بڑا اضافہ: WPI 8.30 فیصد پر پہنچا، ایندھن اور خام تیل کی قیمتوں میں زبردست اضافہ

مہنگائی میں بڑا اضافہ: WPI 8.30 فیصد پر پہنچا، ایندھن اور خام تیل کی قیمتوں میں زبردست اضافہ

Thu, 14 May 2026 18:30:23    S O News
مہنگائی میں بڑا اضافہ: WPI 8.30 فیصد پر پہنچا، ایندھن  اور خام تیل کی قیمتوں میں  زبردست  اضافہ

نئی دہلی  ، 14/ مئی (ایس او نیوز /ایجنسی)تھوک قیمتوں پر مبنی افراطِ زر (WPI) اپریل میں بڑھ کر 8.30 فیصد تک پہنچ گیا، جبکہ مارچ میں یہ شرح 3.88 فیصد تھی۔ اس اضافہ کی بنیادی وجہ ایندھن، بجلی اور خام پٹرولیم کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ قرار دیا جا رہا ہے۔ ایندھن اور توانائی کے شعبے میں WPI افراطِ زر مارچ کے 1.05 فیصد سے بڑھ کر اپریل میں 24.71 فیصد تک پہنچ گیا۔ اسی طرح خام پٹرولیم کی قیمتوں میں افراطِ زر 88.06 فیصد ریکارڈ کیا گیا، جو گزشتہ ماہ 51.5 فیصد تھا۔

یہ تیز اضافہ مغربی ایشیا کے بحران اور آبنائے ہرمز میں رکاوٹوں کے اثرات کی عکاسی کرتا ہے، جہاں سے بھارت خام تیل کا بڑا حصہ درآمد کرتا ہے۔ خوراک کی اشیاء میں افراطِ زر اپریل میں 1.98 فیصد رہا، جو مارچ میں 1.90 فیصد تھا۔ غیر خوراکی اشیاء میں افراطِ زر بڑھ کر 12.18 فیصد ہو گیا، جو پچھلے مہینے 11.5 فیصد تھا۔

یہ اعداد و شمار وزارتِ تجارت و صنعت نے جاری کیے۔ وزارت کے مطابق اپریل 2026 میں مہنگائی کی مثبت شرح بنیادی طور پر معدنی تیل، خام پٹرولیم و قدرتی گیس، بنیادی دھاتوں، دیگر مینوفیکچرنگ اور غیر خوراکی اشیاء کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے ہے۔

ایندھن اور توانائی کے زمرے میں ایل پی جی کی مہنگائی مارچ کے (-)1.54 فیصد سے بڑھ کر اپریل میں 10.92 فیصد ہو گئی۔ پیٹرول میں یہ شرح 2.50 فیصد سے بڑھ کر 32.40 فیصد اور ہائی اسپیڈ ڈیزل میں 3.26 فیصد سے بڑھ کر 25.19 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں تقریباً 50 فیصد اضافے کے باوجود حکومت نے فی الحال پیٹرول، ڈیزل اور گھریلو ایل پی جی کی قیمتوں کو مستحکم رکھا ہے تاکہ صارفین کو براہِ راست مہنگائی کے اثرات سے بچایا جا سکے۔ تاہم کمرشل ایل پی جی سلنڈرز کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔


Share: