بھٹکل، 11 مئی (ایس او نیوز) بھٹکل میں نیشنل ہائی وے فورلین منصوبہ سست رفتاری سے جاری رہنے پر عوامی ناراضگی بڑھتی جارہی ہے۔ اسی پس منظر میں اسسٹنٹ کمشنر جی۔ مہیش نے متعلقہ افسران کے ہمراہ رنگین کٹہ، نور مسجد کے سامنے اور دیگر مقامات پر جاری کاموں کا موقع پر پہنچ کر معائنہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ فورلین منصوبے کی دھیمی رفتار اور مانسون کی قریب آمد کے سبب عوام میں تشویش بڑھ رہی ہے، جس کے پیش نظر متعلقہ حکام کو کام میں تیزی لانے کی ہدایت دی گئی ہے۔
رنگین کٹہ میں جاری کاموں کا جائزہ لینے کے دوران مقامی عوام نے شکایت کی کہ ہائی وے کے کنارے بارش کے پانی کی نکاسی کا مناسب انتظام نہیں کیا گیا ہے، جس کے باعث بارش شروع ہوتے ہی سڑک پر پانی جمع ہونے کے ساتھ ساتھ قریبی دکانوں اور ہائی وے سے متصل سلمان آباد علاقے میں پانی گھسنے کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ عوام نے خدشہ ظاہر کیا کہ شدید بارش کی صورت میں پورا علاقہ تالاب میں تبدیل ہوسکتا ہے اور گھروں کے اندر بھی پانی داخل ہونے کا اندیشہ ہے۔ مقامی لوگوں نے افسران کو صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا۔
عوام نے منصوبے میں تاخیر پر شدید ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے افسران اور ٹھیکہ دار کمپنی پر زور دیا کہ مانسون شروع ہونے سے قبل ہی ہائی وے کا کام مکمل کیا جائے۔


نور مسجد کے سامنے جاری ہائی وے کام کے دوران بھی عوام نے اسسٹنٹ کمشنر کی توجہ اس جانب مبذول کرائی کہ نئی سڑک کافی بلندی پر تعمیر کی جارہی ہے جبکہ اطراف کی دکانیں، ہوٹلیں اور عمارتیں نشیبی حصے میں چلی گئی ہیں۔ عوام کے مطابق بارش شروع ہوتے ہی سروس روڈ پر پانی جمع ہوکر تالاب جیسی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے، جس سے اطراف کی دکانوں میں پانی داخل ہوسکتا ہے۔
مقامی لوگوں نے یہ شکایت بھی کی کہ پانی کی نکاسی کے پرانے راستوں کو بند کرکے بارش کے پانی کا رخ ماری کٹہ اور مارکیٹ کی جانب موڑ دیا گیا ہے۔ عوام نے خبردار کیا کہ اگر بارش کا پانی مارکیٹ میں جمع ہوا تو احتجاج ناگزیر ہوجائے گا۔
ذرائع کے مطابق، نیشنل ہائی وے فورلین منصوبے کے نامکمل کاموں کے تعلق سے عوامی شکایات میں اضافہ ہونے کے بعد آج پیر کی صبح پہلے اسسٹنٹ کمشنر دفتر میں ایک جائزہ میٹنگ منعقد کی گئی تھی۔ اجلاس میں بھٹکل حدود میں جاری نیشنل ہائی وے منصوبے کی موجودہ صورتحال، باقی ماندہ کام، مانسون سے قبل اختیار کی جانے والی احتیاطی تدابیر اور عوامی شکایات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نے ہدایت دی کہ ہائی وے کام کی وجہ سے عوام کو درپیش مشکلات کو فوری طور پر دور کیا جائے اور بارش کے پانی کی نکاسی کے لیے مناسب ڈرینج نظام قائم کیا جائے تاکہ پانی آسانی سے بہہ سکے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں پانی جمع ہونے کا خدشہ ہو، اُن مقامات کی فوری نشاندہی کرکے ضروری اقدامات کیے جائیں اور ٹریفک میں کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہ ہونے دیتے ہوئے کام کو تیز کیا جائے۔ جس کے بعد جاری کاموں کا جائزہ لینے کے لئے متعلقہ مقامات کا دورہ کیا گیا۔
معائنے اور اجلاس کے دوران تحصیلدار ناگیندر کولشیٹی، ڈی وائی ایس پی بی۔ گریش، سٹی میونسپل کمشنر بابا صاحب مانے، آئی آر بی کے افسران اور تنظیم کے ذمہ داران عنایت اللہ شاہ بندری اور الطاف کھروری سمیت دیگر افراد موجود تھے۔