داونگیرے 27/نومبر (ایس او نیوز): کرناٹک کے ضلع داونگیرے کے چنّاگیری میں اسنیکس کے پیکٹ کے ساتھ ملنے والی پلاسٹک کی چھوٹی گیند نگلنے سے چار سالہ بچی کی موت ہوگئی۔ 
بچی کی شناخت عالیہ شیخ (4) کے طور پر کی گئی ہے۔ یہ واقعہ چنّاگیری کے کوثر مسجد علاقے میں پیش آیا۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق بچی نے پانچ روپے کا اسنیکس پیکٹ خریدا تھا، جس میں ایک چھوٹی پلاسٹک کی گیند بھی موجود تھی۔ کھیلنے کے دوران اس نے غلطی سے گیند نگل لی، جو اس کے گلے میں پھنس گئی۔ اس کے نتیجے میں اسے سانس لینے میں دشواری پیش آئی۔ اہل خانہ اسے فوری طور پر اسپتال لے گئے، تاہم ڈاکٹروں کی کوششوں کے باوجود اسے بچایا نہیں جاسکا۔
واقعے کے بعد بچوں کے لیے فروخت ہونے والے ایسے اسنیکس پیکٹوں میں کھلونوں اور چھوٹی اشیا کی موجودگی پر تشویش ظاہر کی جارہی ہے، کیونکہ ان سے کم عمر بچوں کی جان کو خطرہ لاحق ہوسکتا ہے۔