ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / ٹی وی کے کو وی سی کے کی حمایت، گورنر کی جانب سے تھلاپتی وجئے کو ملاقات کے لیے طلب کیا گیا

ٹی وی کے کو وی سی کے کی حمایت، گورنر کی جانب سے تھلاپتی وجئے کو ملاقات کے لیے طلب کیا گیا

Sat, 09 May 2026 19:29:53    S O News

چنئی ، 9/ مئی (ایس اونیوز /ایجنسی) تمل ناڈو میں حکومت سازی کو لے کر جاری پس و پیش والی حالت اب ختم ہوتی ہوئی دکھائی دے رہی ہے۔ وی سی کے اور آئی یو ایم ایل دونوں نے ہی تھلاپتی وجئے کی پارٹی ٹی وی کے کو حمایت دینے کا اعلان کر دیا ہے۔ تازہ ترین خبروں کے مطابق تمل ناڈو کے گورنر راجندر وشوناتھ آرلیکر کا 7.10 بجے بذریعہ طیارہ کیرالہ روانگی کا پروگرام منسوخ ہو گیا ہے۔ وجئے بھی اپنے گھر سے لوک بھون کے لیے روانہ ہو چکے ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ گورنر نے انھیں ملاقات کے لیے بلایا ہے۔

لوک بھون کے ذرائع کا کہنا ہے کہ گورنر نے کیرالہ جانے کا پروگرام منسوخ کر دیا ہے، کیونکہ دیر شام وجئے سے ملاقات ہو سکتی ہے۔ اس سے قبل جب ٹی وی کے اور سی پی ایم لیدران وجئے کے لیے وقت لینے گورنر کے پاس پہنچے تھے، تب اُن سے کہا گیا تھا کہ اُن کا پروگرام پہلے سے طے ہے اور انہیں کیرالہ جانا ہے، اس لیے ملاقات کا وقت نہیں دیا جا سکتا۔ ایسے میں مانا جا رہا تھا کہ اگر دورہ منسوخ نہ ہوتا اور وجئے کی گورنر سے ملاقات نہ ہو پاتی، تو حکومت بنانے کی کارروائی ادھوری رہ جاتی۔

فی الحال ٹی وی کے نے حکومت سازی کے لیے ضروری نمبر حاصل کر لیا ہے۔ ٹی وی کے کے پاس وہ خطوط بھی ہیں، جن میں وی سی کے اور آئی یو ایم ایل سمیت دیگر پارٹیوں نے اُسے حمایت دینے کی منظوری دی ہے۔ وی سی کے اور آئی یو ایم ایل (انڈین یونین مسلم لیگ)، جو پہلے سے ہی ڈی ایم کے کی اتحادی رہی ہیں، دونوں نے ہفتہ کو باضابطہ اعلان کرتے ہوئے ٹی وی کے کی بلاشرط حمایت کر دی ہے۔ اس کے بعد وجئے کے حامی اراکین اسمبلی کی تعداد اکثریت کے ہندسہ 118 کے پار پہنچ گئی ہے۔
 


Share: